شارجہ میں سرکاری ملازمین کی صدفیصد کام پر واپسی

,

   

شارجہ۔شارجہ ایگزیکٹو کونسل کیرکن اور شارجہ ہیومن ریسورس ڈائریکٹوریٹ (ایس ایچ آر ڈی) کے چیئرمین ڈاکٹر طارق سلطان بن خادم نے کہا ہے کہ گزشتہ روز سے تمام سرکاری ملازمین کی اپنے محکموں اور اداروں میں کام پر واپسی ہو گئی ہے۔امارات کی سرکاری نیوز ایجنسی وام کے مطابق شارجہ حکومت کی ایگزیکٹو کونسل کی ہدایت کے مطابق اور نظامت کے جاری کردہ گشتی نامہ کی بنیاد پرآج سے محکموں اور دفاتر میں ملازمین کی واپسی کا عمل شروع ہوا ہے۔ڈاکٹر طارق سلطان بن خادم نے کہا ہے کہ یہ فیصلہ شارجہ کے حکمران شیخ ڈاکٹر سلطان بن محمد القاسمی کے حکم کے مطابق کیا گیا ہے۔ کورونا وائرس کے پھیلاو کی روک تھام کے بعد تمام تر احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے عام زندگی میں بتدریج واپسی کے جامع منصوبے کا حصہ ہے۔انہوں نے مختلف اداروں میں موجود ملازمین کی زبردست کاوشوں کو سراہا جنہوں نے کورونا وائرس کے بحران پر قابو پانے میں مدد میں حصہ لیا۔