شامی نے حادثہ میں زخمیوں کو بچایا، سوشل میڈیا پر تعریف

   

نئی دہلی: فاسٹ بولر محمد شامی نے ورلڈ کپ 2023 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سب سے زیادہ 24 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ ٹیم انڈیا کے گیند باز نے ایک اور دل جیتنے والا کام کیا ہے۔ شامی نے نہ صرف کار حادثے میں زخمی لوگوں کو بچایا بلکہ ان کی مدد کرتے ہوئے بھی دیکھے گئے۔ شامی نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر واقعہ کی ویڈیو شیئر کی ہے۔ مداح ان کی خوب تعریف کر رہے ہیں۔ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے شامی نے لکھا کہ وہ بہت خوش قسمت ہیں کہ خدا نے انہیں کسی شخص کی زندگی بچانے کا موقع دیا۔ انہوں نے لکھا کہ اس شخص کی گاڑی میرے سامنے نینی تال کے قریب پہاڑی سڑک سے نیچے گر گئی۔ ہم نے انہیں بحفاظت باہر نکالا۔ اس کے بعد شامی زخمیوں کی مدد کرتے بھی نظر آ رہے ہیں۔ اس موقع پر اور بھی لوگ موجود تھے۔ شامی کی شیئر کی گئی ویڈیوز کو اب تک تقریباً 8 لاکھ لا ئیکس مل چکے ہیں۔ شائقین اپنے ردعمل کا اظہار بھی کر رہے ہیں۔ ٹیم انڈیا نے ورلڈ کپ 2023 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور لگاتار 10 میچ جیتے تھے۔ تاہم ہندوستان کو فائنل میں آسٹریلیا سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ورلڈ کپ کے بعد سینئر کھلاڑیوں کو آرام دیا گیا ہے۔ سوریہ کمار یادو کی قیادت میں نوجوان ٹیم اس وقت آسٹریلیا کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیل رہی ہے۔ ٹیم کو پانچ میچز کی سیریز میں 1-0 کی سبقت حاصل ہے۔