درکار اجازت کا انتظار ، امدادی اشیاء کے نام ناقابل استعمال ملبوسات کی ویڈیو وائرل
حیدرآباد۔10اپریل (سیاست نیوز) شام پر عائد عالمی تحدیدات کے نتیجہ میں ہندستانی شہریوں کی جانب سے مملکت شام میں آئے زلزلہ کے بعد متاثرین کی راحت کے لئے جمع کی گئی امداد جو شامی سفارتخانہ میں جمع ہے اب وہ بھی ملک شام نہیں پہنچ پائی ہے اور شامی سفارتخانہ کی جانب سے امداد کی روانگی کے لئے درکار اجازت ناموں کا انتظار کیا جا رہاہے اور شامی سفارتی ذرائع کا کہناہے کہ سفارتی عہدیداروں نے فیصلہ کیا ہے کہ اجازت ناموں کی وصولی کے ساتھ ہی ممبئی بندرگاہ کے ذریعہ لتاکیہ بندرگاہ ملک شام کے لئے کنٹینر روانہ کئے جائیں گے اور ملک کے مختلف شہروں میں جہاں شامی متاثرین کے لئے اشیاء بطور عطیہ وصول کی گئی ہیں وہ تمام اشیاء اجازت ناموں کے حصول کے ساتھ ہی سفارتخانہ کی جانب سے ملک کی مختلف ریاستوں بشمول حیدرآباد میں جمع اشیاء ممبئی بندرگاہ پر وصول کرتے ہوئے انہیں روانہ کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ شامی صحافی مسٹر وائیل اوواد جو کہ دہلی میں مقیم ہیں نے بتایا کہ مختلف مسائل کا شکار ملک شام کے باشندوں کے لئے ہندستانی شہریوں نے فراخدلانہ امداد کو یقینی بنایا ہے اور ممکنہ حد تک جو اشیاء وصول ہوئی ہیں ان کی روانگی کے انتظامات کئے جا رہے ہیں لیکن اب جو سامان موجود ہے وہ سفارتخانہ دہلی کے علاوہ ملک کے مختلف شہروں میں جمع کیا گیا ہے جو کہ روانہ کیا جانا ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ عالمی تحدیدات کے سبب مملکت شام نہ صرف جنگی حالات کا سامنا کررہی ہے بلکہ دیگر کئی محاذوں پر ملک شام کو چیالنجس کا سامنا ہے اور اس صورتحال میں ممبئی بندرگاہ سے لتاکیہ بندرگاہ تک سامان پہنچانے کے لئے بھی سفارتخانہ کو تعاون درکارہے۔شہر حیدرآباد میں حج ہاؤز کی عمارت سے متصل زیر تعمیر عمارت میں روزنامہ سیاست کی جانب سے ملک شام کے لئے اشیاء کی وصولی عمل میں لائی گئی تھی اور اشیاء کی وصولی کے دوران سختی سے اس بات کی تاکید کی گئی تھی کہ پرانے اور مستعملہ کپڑے روانہ نہ کئے جائیں لیکن اس کے باوجود بعض غیر ذمہ دار افراد نے نہ صرف مستعملہ بلکہ ناقابل استعمال کپڑے بھی روانہ کئے ہیں جنہیں علحدہ کرنے کے مقصد سے کھولے گئے کارٹون کی ویڈیو لیتے ہوئے سوشل میڈیا پر گشت کروائی جا رہی ہے ۔ اس کے علاوہ جو سامان روانہ کیا جانا ہے کی مکمل تنقیح کے بعد ہی ان اشیاء کو ممبئی بندرگاہ سے لتاکیہ بندرگاہ کے لئے بتوسط سفارت خانہ ملک شام روانہ کیا جائے گا۔م