شاہی خاندان بھی اسپین کی کامیابی پر جشن میں شریک

   

میڈرڈ، 15جولائی (یو این آئی) فیفا ورلڈ کپ 2026کے سیمی فائنل میں فرانس کو 2-0 سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کرنے پر اسپین کی کامیابی کا جشن ہسپانوی شاہی خاندان نے بھی بھرپور انداز میں منایا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔تفصیلات کے مطابق شاہ فیلیپ ششم، ملکہ لیٹیزیا، شہزادی لیونور اور انفانٹا صوفیہ کی اسپین کی فتح پر خوشی مناتے ہوئے ویڈیو سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئی۔ہسپانوی شاہی خاندان کے سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر جاری کی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جیسے ہی اسپین کی فتح یقینی ہوئی، شاہی خاندان کے افراد خوشی سے اچھل پڑے ، ایک دوسرے کو گلے لگایا اور تاریخی کامیابی کا جشن منایا۔ویڈیو میں چاروں افراد اسپین کی قومی ٹیم کی جرسی پہنے صوفے پر بیٹھے میچ کے آخری لمحات دیکھتے نظر آئے ۔ویڈیو کے ساتھ جاری پیغام میں قومی ٹیم کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا گیا کہ کھلاڑیوں نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ وہ دنیا کی بہترین ٹیموں میں شمار ہوتے ہیں۔پیغام میں مزید کہا گیا کہ پورا ملک قومی ٹیم کے ساتھ کھڑا ہے اور امید ہے کہ وہ فائنل میں بھی کامیابی حاصل کرکے عالمی ٹائٹل اپنے نام کرے گی۔دوسری جانب اسپین بھر میں ہزاروں شائقین سڑکوں پر نکل آئے اور قومی ٹیم کی کامیابی کا جشن منایا، جبکہ بعض شائقین فلسطینی پرچم اٹھائے بھی نظر آئے ۔امریکی شہر نیویارک میں مقیم ہسپانوی شائقین نے بھی ٹیم کی فتح پر بھرپور خوشی کا اظہارکیا ۔