شاہ رخ خان نے فلمی ہستیوں سے گفتگو پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا

,

   

نئی دہلی20اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام ) بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان نے مہاتما گاندھی کے پیغامات کی تشہیر میں فنکاروں کے کردار کے سلسلے میں فلمی شخصیات کے ساتھ تبادلہ خیال کرنے کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کیا ہے ۔شاہ رخ خان نے سنیچر کی رات ٹویٹر پر کہاکہ ‘‘ہماری میزبانی کرنے اور مہاتما گاندھی کے پیغامات کی تشہیر میں فنکاروں کے کردار کے سلسلے میں فلمی شخصیات کے ساتھ کھلی بات چیت کے لئے شکریہ۔ فلم یونیورسٹی کا خیال بھی کمال کا ہے ‘‘۔مسٹر مودی نے ہفتہ کے روز اداکاروں شاہ رخ خان، عامر خان اور جیکی شراف، اداکارائیں کنگنا رنوت، سونم کپور اور جیکلین فرنانڈیز اور ہدایت کار راجکمار ہیرانی، امتیاز علی، بونی کپور اور ایکتا کپور سمیت فلم دنیا کی معروف شخصیات سے ملاقات کی اور ان سے گاندھی اور گاندھی ازم پر فلم بنانے کی اپیل کی۔ اس پروگرام کا انعقاد وزیر اعظم کی رہائش گاہ 7، لوک کلیان مارگ پر کیا گیا تھا۔فلمی صنعت کے ارکان کو مدعو کرنے کا مقصد مہاتما گاندھی کے 150 ویں یوم پیدائش کے موقع پر گاندھی اور گاندھی ازم پر فلمیں بنانے کے لئے حوصلہ افزائی کرنا تھا۔ بالی وڈ کی کئی بڑی ہستیاں اس پروگرام میں شامل ہوئیں اور گاندھی جی سے متعلق پروگراموں کے سلسلے میں اپنی تجاویز پیش کیں۔اس دوران وزیراعظم مودی نے کہا کہ گاندھی جی کے خیالات، سادگی کی مثال ہیں۔ ملاقات کے دوران انہوں نے فلمی شخصیات سے ڈانڈی کی گاندھی میوزیم میں دیکھنے کی اپیل کی۔