شاہ رخ خان کو پنجاب نے 5.25 کروڑ میں حاصل کیا

   

چینائی : بالی ووڈ سوپراسٹار شاہ رخ خان کے نام پر موجود ٹاملناڈو کے آل راونڈر کو توجہ ملنا کوئی نیا کام نہیں لیکن آئی پی ایل کی نیلامی میں انہوں نے 5.25 کروڑ کی قیمت حاصل کی ہے۔ شاہ رخ خان جنہوں نے سید مشتاق علی ٹرافی میں ہمالیائی چھکے مارنے کی اپنی صلاحیت ظاہر کی تھی جس کی وجہ سے انہیں آئی پی ایل میں بڑی رقم حاصل ہوئی ہے۔ ٹاملناڈو سے تعلق رکھنے والے 25 سالہ آل راونڈر کی بنیادی قیمت 20 لاکھ روپئے تھی لیکن پنجاب کنگس نے ان پر ایک بڑی رقم خرچ کی اور کروڑوں روپئے میں انہیں حاصل کیا ہے۔ شاہ رخ خان کو سید مشتاق علی ٹرافی کے دوران مقابلے اپنی ٹیم کے حق میں کرنے کی اننگز کھیلنے کیلئے بھی کافی تعریف ملی ہے اور ٹیم نے خطاب بھی حاصل کیا ہے۔ کوارٹر فائنل مقابلہ میں انہوں نے 19 گیندوں میں 49 رنز بناتے ہوئے ہماچل پردیش کے خلاف اپنی ٹیم ٹاملناڈو کو فاتح بنایا تھا جس کے بعد بروڈا کے خلاف بحرانی صورتحال کے دوران 7 گیندوں میں 18 رنز کی اننگز بھی قابل ذکر ہے۔ بھاری رقم میں پنجاب کنگس کا حصہ بننے کے بعد میڈیا نمائندوں سے اظہارخیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سال میں نے کوئی امید نہیں لگائی تھی اور آئی پی ایل کی نیلامی میرے ذہن میں نہیں تھی لیکن جو رقم اور اہمیت ملی ہے اس پر شاہ رخ خان مسرور ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں کیلئے آئی پی ایل بہت بڑا موقع ہے کیونکہ اس ٹورنمنٹ میں نوجوان کھلاڑیوں کو قومی اور بین الاقوامی سوپراسٹار کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کا موقع ملتا ہے۔ شاہ رخ خان نے مزید کہا کہ ہندوستان میں کئی ایسے کھلاڑی ہیں جنہوں نے آئی پی ایل میں بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے قومی ٹیم تک اپنی رسائی کو یقینی بنایا جائے۔