شاہ رخ نے سعودی میں ڈنکی کی شوٹنگ مکمل کر لی

   


ممبئی۔ سوپر اسٹار شاہ رخ خان نے سعودی عرب میں اپنی آنے والی فلم ڈنکی کی شوٹنگ مکمل کرلی ہے۔انہوں نے انسٹاگرام پر شوٹنگ کے مقام کی ایک ویڈیو پوسٹ کی اور اسے ایک کامیاب پروجیکٹ بنانے پر سعودی عرب کی وزارت ثقافت اور فلم کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔ ویڈیو میں، شاہ رخ خان سیاہ کوٹ میں نظر آرہے ہیں جبکہ اس کے لباس کے ساتھ مماثلت کے لیے سیاہ چشمہ بھی پہنا ہوا ہے۔ وہ صحرائے عرب کے وسط میں دکھائی دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا شوٹنگ کا شیڈول مکمل کرنے سے زیادہ اطمینان بخش کوئی چیز نہیں ہے جیسا کہ یہاں سعودی میں ڈنکی کے ساتھ ہے۔ اس کے بعد اداکار نے ہدایت کار راجکمار ہیرانی کے ساتھ ڈنکی کی تیاری میں شامل پوری کاسٹ اور عملے کے ارکان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈنکی کی شوٹنگ خوبصورت تھی اور انہوں نے اپنے ملک کے شاندار مقامات پر فلم کرنے کی اجازت دینے پر سعودی حکومت کا مزید شکریہ ادا کیا۔