شاہ رخ کیساتھ جوان کے بعد ایٹلی ایک اور فلم کے خواہاں

   

ممبئی ۔ بالی ووڈ انڈسٹری کے سوپر اسٹار شاہ رخ خان نے سال 2023 میں تین بلاک بسٹر فلمیں دیں جن میں سے ایک فلم جوان بھی ہے۔ ایٹلی کمار کی ہدایت میں بنی فلم جوان نے باکس آفس پر کئی ریکارڈ بنائے ہیں۔ ایٹلی کمار کئی بارکہہ چکے ہیں کہ وہ شاہ رخ خان کے بہت بڑے مداح ہیں اور ہمیشہ ان کے ساتھ فلم بنانا چاہتے تھے۔ شاہ رخ خان کے ساتھ جوان جیسی ہٹ فلم دینے والے ایٹلی کمار نے حال ہی میں ایک تقریب کے دوران ان کے ساتھ دوبارہ کام کرنے کی خواہش ظاہرکی۔ایٹلی کمار نے اے بی پی کنکلیو میں شاہ رخ خان کے بارے میں کہا میرے لیے وہ پوری دنیا میں ہندوستانی سنیما کا چہرہ ہیں۔ شاہ رخ کے ساتھ کام کرنا ایک خواب تھا۔ خوش قسمتی سے مجھے ان کے ساتھ اپنی پانچویں فلم میں کام کرنے کا موقع ملا۔ خدا مہربان ہے اور مجھے لگتا ہے کہ میں نے اس کے ساتھ انصاف کیا ہے۔ شاہ رخ خان کے ساتھ دوبارہ کام کرنے کے سوال پر ایٹلی کمار نے کہا بالکل میں ان کے ساتھ دوبارہ کام کروں گا۔ میں جوان سے بہتر موضوع لاؤں گا اور ان کے پاس ضرور جاؤں گا۔ اگر شاہ رخ کو پسند آیا تو ایسا ضرور ہوگا کہ ہم دونوں دوبارہ ایک ساتھ کام کریں گے اور ایک شاندار فلم دیں گے۔