شاہ سلمان امدادی سنٹرکی 14 ایمبولینس غزہ پہنچ گئیں

   

ریاض: سعودی عرب کی جانب سے غزہ متاثرین کی امداد کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ شاہ سلمان ریلیف سینٹر کے تحت 14 ایمبولینس گاڑیاں رفح بارڈر کے ذریعہ غزہ پٹی پہنچا دی گئی ہیں۔سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے ‘ کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیزآل سعود اورولی عہد مملکت شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی خصوصی ہدایات کے تحت غزہ متاثرین کے لیے امدادی مہم ’ساھم ‘ پورٹل کے ذریعہ شروع کی گئی جس کا سلسلہ ہنوز جاری ہے۔مرکز کی جانب سے متاثرین کیلئے امدادی سامان کے علاوہ 20 ایمبولینس گاڑیاں ارسال کرنے کے احکامات جاری ہوئے تھے جن میں سے جمعرات کی شب 14 گاڑیاں رفح بارڈر کے ذریعہ غزہ پٹی پہنچائی گئی۔ مزید 6 ایمبولینسز امدادی سنٹر کی جانب سے روانہ کی جائیں گی۔روانہ کی جانے والی ایمبولینس گاڑیاں جدید ترین طبی اورتنفس کی بحالی کے آلات سے لیس ہیں علاوہ ازیں ہنگامی ضرورت کے تحت انتہائی ضروری ادویات بھی وافر مقدار میں فراہم کی گئی ہیں۔