شبستان جدہ میں ’’ ایک شام حلیم بابرـکے نام‘‘ مشاعرہ

   

نسل نو کو مادری زبان سے جوڑنے اردو اکیڈیمی جدہ کی کارکردگی قابل ستائش ، شرکاء کا تاثر

جدہ/ 30 نومبر(ای میل) سکریٹری اردو اکیڈمی جدہ سید نعیم الدین کے بموجب سرزمین جدہ پر اردو اکیڈمی جدہ ہی وہ تنظیم ہے جو اردو کی آبیاری کیلئے ہمیشہ پیش پیش رہی ہے۔ نسل نو کو اردو سے جوڑنے کیلئے جہاں مختلف دلچسپ پروگرام کا انعقاد کرتی ہے وہیں اردو تہذیب کو زندہ رکھنے کیلئے مشاعرے کا انعقاد کیااور 25 نومبر کو ’’ایک شام حلیم بابر کے نام ‘‘منعقدہ مشاعرہ میں مقامی ریسٹورنٹ کا بینکویٹ ہال شمع اردو ادب کے پروانوں سے لبریز ہوگیا۔ صدر اردو اکیڈیمی جدہ حافظ محمد عبدالسلام، نائب صدر سید محمد خالد حسین، معتمد سید نعیم الدین، معاونین محمد اسلم افغانی، منور خان اور قدرت نواز بیگ مہمانوں کا استقبال کرتے ہوے دیکھے گئے ۔تقریبا 10 بجے شب اسلم افغانی جو اس مشاعرے کے ناظم تھے مائک تھامے ،صدر اردو اکیڈمی جدہ کے علاوہ مہمان خصوصی ادب نواز معروف شخصیت جناب عبدالقدیر صدیقی، وجہ انعقاد تقریب و صدر مشاعرہ جناب حلیم بابر اور مہمانان اعزازی اشفاق اصفی و آرزو مہک صاحبہ نے اپنی موجودگی سے شہ نشین کو منور کردیا۔ مشاعرے کا آغاز تلاوت کلام پاک سے محمد ذیشان علی نے کیا، ہدیہء نعت سید محمد خالد حسین مدنی نے بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم میں پیش کی۔ صدر حافظ محمد عبدالسلام نے خطبہء استقبالیہ دیا پھر مشاعرے کا باضابطہ آغاز کیا گیا۔ شعراء کی ترتیب اس طرح رہی:جاں نثار ندوی ،غلمان رضا ، فرحت اللہ خان، میرآبص’ انیس احمد، فیصل طفیل، افروز عالم، مہتاب قدر، مہمان اعزازی آرزو مہک’ مہمان اعزازی اشفاق اصفی’ صدر مشاعرہ جناب حلیم بابر نے اپنا کلام سنایا، سامعین بہت محظوظ اور ہمہ تن گوش ہو کر مشاعرہ کو کامیاب کیا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی جناب حلیم بابر نے صدر اردو اکیڈیمی جدہ جناب حافظ عبدالسلام کی اردو دوستی و ادب نوازی کی ستائش کی اور شاندار مشاعرہ کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اردو اکیڈیمی جدہ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کی اور اپنی جانب سے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔ معتمد سید نعیم الدین صاحب نے شکریہ کی رسم ادا کی اور تمام شعراء کو تحفتا عطر پیش کیا۔ اس طرح مشاعرہ تکمیل کو پہنچا۔