شبنم ہاشمی کو ’وومن آف دی ڈیکیڈ‘ کا اعزاز

   

نئی دہلی : وومن اکنامک فورم نے معروف سماجی کارکن اور ’انہد‘ کی بانی شبنم ہاشمی کو ’وومن آف دی ڈیکیڈ‘ (عشرہ کی بہترین خاتون) کے ایوارڈ سے نوازا ہے۔ یہ ایوارڈ وومن اکنامک فورم۔ جی100 کے 84ویں سالانہ عالمی اجلاس کے دوران دیا گیا جو کہ نئی دہلی ایروسٹی کے جے ڈبلیو میریٹ ہوٹل میں 27 دسمبر سے شروع ہوا ہے اور 31 دسمبر 2022 تک جاری رہے گا۔ یہ چوٹی اجلاس جی۔20 میں ہندوستان کی صدارت کے ساتھ موافق ہے۔اس موقع پر معروف سماجی کارکن شبنم ہاشمی کو چوٹی اجلاس کے دوسرے دن پلینری سیشن میں انسانی حقوق سے متعلق خطاب کے لیے مدعو کیا گیا تھا۔ اس دوران جی100 کی بانی اور صدر ڈاکٹر ہربین اروڑا رائے، آل لیڈیز لیگ ، ویمن اکنامک فورم ، ویمنز انڈین چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے شبنم ہاشمی کو ’عشرے کی بہترین خاتون‘ (وومن آف دی ڈیکیڈ) کا ایوارڈ دیا۔ وومن اکنامک فورم شرکاء کے ساتھ مل کر عالمی پالیسیوں پر اثر انداز ہونے کی توقع رکھتا ہے تاکہ عالمی سطح پر زندگی کے تمام شعبوں میں خواتین کے لیے مزید تعاون فراہم کیا جا سکے۔ اسی طرح جی100 بااثر عالمی خاتون رہنماؤں کا ایک گروپ ہے جس میں نوبل انعام یافتہ اور سربراہان مملکت شامل ہیں۔
یہ اس دہائی میں صنفی مساوات کو یقینی بنانے اور 2030 تک اقوام متحدہ کے SDGs کے وڑن کو پورا کرنے کے مقصد کے ساتھ اکٹھے ہوئے ہیں۔