شبِ برأت کے موقع پر قبرستانوں میں صفائی کی ہدایت

   

برقی اور پانی کا موثر انتظام کرنے صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم کا مشورہ
حیدرآباد ۔ 16۔ اپریل (سیاست نیوز) صدرنشین وقف بورڈ جناب محمد سلیم نے شب برأت کے مقدس موقع پر قبرستانوں میں صفائی کے بہتر انتظامات اور زیارت کیلئے آنے والے افراد کی سہولت کے پیش نظر مناسب برقی کی سربراہی کی ہدایت دی ہے ۔ انہوں نے قبرستانوں کی کمیٹیوں اور متولیوں کو ہدایت دی کہ وہ قبرستانوں میں جھاڑیوں کی صفائی کا کام فوری انجام دیں تاکہ زیارت قبور میں کوئی زحمت نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی کمیٹی صفائی کے انتظامات کے اخراجات کی متحمل نہیں ہوسکتی تو وہ راست طور پر صدرنشین وقف بورڈ سے رجوع ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی متولی اور کمیٹی جان بوجھ کر انتظامات میں لاپرواہی کرتے ہیں تو ان کے خلاف کارروائی سے گریز نہیں کیا جائے گا ۔ صدرنشین وقف بورڈ نے کمشنر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے شب برأت کے موقع پر قبرستانوں کے اطراف واکناف صحت و صفائی کے خصوصی انتظامات کی خواہش کی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ پولیس سے بھی خواہش کی گئی ہے کہ وہ موثر انتظامات کریں اور غیر سماجی عناصر پر نظر رکھیں۔ جناب محمد سلیم نے کہا کہ اس مقدس رات ہزاروں کی تعداد میں مسلمان زیارت قبور کے لئے پہنچتے ہیں۔ گرما کے پیش نظر ان کیلئے صاف پینے کے پانی کا انتظام بھی کیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ بہتر انتظامات کیلئے وقف بورڈ ہر ممکن تعاون کرے گا۔ ضرورت پڑنے پر صدرنشین وقف بورڈ ایک دن قبل بڑے قبرستانوں کا اچانک معائنہ کریں گے۔