شب برأت کے پیش نظر قبرستانوں کی صفائی پر توجہ دینے کی ضرورت

   

عین وقت پر کام کی انجام دہی سے زائرین کو مشکلات

حیدرآباد۔13مارچ(سیاست نیوز) قبرستانوں کی صفائی اور خاردار جھاڑیوں کو نکالنے کے سلسلہ میں فوری طور پر اقدامات شروع کئے جانے ضروری ہیں تاکہ آئندہ ہفتہ شب برأت سے عین قبل قبرستانوں کی صفائی کے نام پر سرکاری خزانہ کی لوٹ کھسوٹ کو روکا جاسکے۔ شعبان المعظم کے آغاز کے ساتھ ہی دونوں شہروں کے علاوہ ریاست تلنگانہ کے بیشتر تمام قبرستانوں کی صفائی کا عمل شروع کیا جاتا ہے لیکن اس عمل میں بھی کروڑہا روپئے کی دھاندلیا ں ہوا کرتی ہیں کیونکہ شب برأ ت سے عین قبل صفائی کے کاموں کا آغاز کیا جاتا ہے اور شب برأت کی شام تک جو کام مکمل ہوتے ہیں وہ کردیئے جاتے ہیں اور اس کے بعد ٹھیکہ دار کی جانب سے کاموں کو مکمل کرنے کے سلسلہ میں کوئی کاروائی نہیں کی جاتی جس کے نتیجہ میں کام ادھورے رہ جاتے ہیں لیکن بل مکمل جاری کردیئے جاتے ہیں۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں کو چاہئے کہ وہ قبرستانوں کی صفائی کے لئے جاری کی جانے والی رقومات کے ساتھ ویجلنس کے عہدیداروں کو مربوط کرتے ہوئے کاموں کی انجام دہی کو یقینی بنائے کیونکہ شب برأت سے دو یوم قبل درختوں کی کٹوائی کے بعد قبرستان کے ہی کسی کونے میں ان جھاڑیوں کو ٹھیکہ دار نذرآتش کردیتے ہیں جبکہ قبرستان کی صفائی کے سلسلہ میں دیئے جانے والے کام کے مطابق قبرستان کی صفائی ‘ درختوں کی کٹوائی اور ان کی منتقلی کے ساتھ روشنی کے انتظامات کرنے ہوتے ہیں لیکن مجلس بلدیہ کے عہدیدار اور ٹھیکہ داروں کی ملی بھگت کے سبب کاموں کا تاخیر سے آغاز کیا جاتا ہے ۔ تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ ‘ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیدارو ںکو فوری طور پر حرکت میں آتے ہوئے دونوں شہروں کے علاوہ ریاست کے دیگر اضلاع میں موجود قبرستانوں کی صفائی کے عمل کو فوری طور پر شروع کرنے کے اقدامات کئے جائیں تاکہ لمحۂ آخر میں روایتی کام کاج کرنے کی ضرورت نہ پڑے ۔ بلدی عہدیداروں نے بتایا کہ قبرستانوں کی صفائی کے سلسلہ میں تاحال کسی کام کو منظوری نہیںدی گئی ہے اور اس سلسلہ میں منتخبہ عہدیداروں سے مشاورت کے بعد منظوری کے اقدامات کئے جائیں گے۔م