شدید کشاکش کے بعد لامبا کا عام آدمی پارٹی سے استعفیٰ

   

کانگریس میں شمولیت: الکالامبا ، 20سال بعد حیرت انگیز اقدام
نئی دہلی۔6 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کی سربراہ سونیا گاندھی سے ملاقات کے چند روز بعد عام آدمی پارٹی کی ناراض رکن مقننہ الکا لامبا نے جمعہ کے روز کہا کہ وہ کُل ہند کانگریس میں شمولیت اختیار کرچکی ہیں۔ لامبا نے گزشتہ منگل کے روز سونیا گاندھی سے ملاقات کی جس سے یہ چہ میگوئیاں ہونے لگیں کہ وہ کانگریس میں شرکت کرنے والی ہیں۔ لامبا نے اپنے ایک ٹوئٹ میں جمعہ کو کہا کہ اب وقت پارٹی سے استعفیٰ دینے کا وقت آگیا ہے اور 6 سال کا عرصہ جو انہوں نے اس پارٹی میں بتایا تھا اس میں انہوں نے بہت کچھ سیکھا۔ گزشتہ ماہ انہوں نے اعلان کیا تھا کہ انہوں نے پارٹی کو چھوڑنے کا ارادہ کرلیا ہے اور وہ اسمبلی کے آنے والے انتخابات ایک آزاد امیدوار کی حیثیت سے لڑیں گی۔ لامبا چاندنی چوک کی ایم ایل اے ہیں۔ گزشتہ لوک سبھا انتخابات میں عام آدمی پارٹی کی شکست کے بعد انہوں نے پارٹی کے قومی ناظم ارویند کجریوال سے اپنے محاسبے کا مطالبہ کیا تھا۔ اس کے بعد انہیں پارٹی کے ارکان مقننہ کے گروہی واٹس آپ سے بے دخل کردیا گیا تھا۔ لوک سبھا انتخابات میں انہوںنے اپنی پارٹی کے لیے کسی بھی انتخابی مہم چلانے سے انکار کردیا تھا۔ اور کجریوال کے روڈ شو میں شرکت کرنے سے بھی گریز کرنا شروع کیا تھا۔ لامبا نے سب سے پہلے راجیو گاندھی کو دیئے گئے بھارت رتن ایوارڈ کی منسوخی کی قرارداد کی مخالفت کی تھی۔ لامبا اپنے سیاسی کیریئر کی شروعات کانگریس سے کی اور عام آدمی پارٹی سے قبل اس جماعت میں 20 سال خدمات انجام دیں۔