شراب پالیسی اسکامکجریوال کو ای ڈی کا تیسرا سمن، 3 جنوری کو طلبی

   

نئی دہلی: دہلی شراب اسکام میں عام آدمی پارٹی کی مشکلات کم نہیں ہو رہی ہیں۔ اب یہ معاملہ چیف منسٹرکجریوال تک پہنچ گیا ہے۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے انہیں ایک کے بعد ایک سمن بھیجا جا رہا ہے لیکن کجریوال ایک بار بھی ای ڈی کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔ اب ای ڈی نے کجریوال کو تیسرا سمن جاری کیا ہے اور انہیں 3 جنوری کو پوچھ تاچھ کیلئے حاضر ہونے کیلئے کہا گیاہے۔قابل ذکر ہے کہ کجریوال وپاسنا (مراقبہ) کیلئے پنجاب کے ہوشیار پور پہنچے ہیں اور یہاں 10 دن تک وپاسنا میں رہنے والے ہیں۔ اس سے پہلے کجریوال کو 21 دسمبر کو پیش ہونے کیلئے سمن جاری کیا گیا تھا۔معلومات کے مطابق کجریوال گزشتہ چہارشنبہ کو وپاسنا کیلئے گئے تھے۔ وہ ہوشیار پور کے محلاولی گاؤں میں واقع دھم دھوج وپاسنا سادھنا سنٹر میں 10 دن تک مراقبہ کریں گے اور30 دسمبر تک پہلے سے طے شدہ وپاسنا پروگرام میں موجود رہیں گے۔ اس وجہ سے وہ 21 دسمبر کو ای ڈی کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔یہ لگاتار دوسرا موقع تھا جب کجریوال ای ڈی کے سمن پر پوچھ تاچھ کیلئے حاضر نہیں ہوئے۔ اس سال 16 اپریل کو ای ڈی نے دہلی کے مبینہ شراب گھوٹالے میں اروند کجریوال سے تقریباً 9 گھنٹے تک پوچھ تاچھ کی تھی۔اس کیس میں اور بھی کئی قائدین ملوث ہیں۔