شردپوار کے دہلی میں واقع سرکاری بنگلہ سے سکیوریٹی کی دستبرداری

   

مرکز کا اقدام سیاسی انتقام، این سی پی خوفزدہ نہیں، مودی اور شاہ کیخلاف جدوجہد جاری رہیگی
ممبئی۔24 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) نے اپنے صدر شرد پوار کی نئی دہلی میں واقع سرکاری رہائش گاہ سے سکیوریٹی ہٹانے کے لیے مرکزی حکومت کو مورد الزام ٹھہرایا اور اس اقدام کو انتقامی سیاست قرار دیا۔ مہاراشٹرا کے وزیر اور این سی پی کے ترجمان نواب ملک نے کہا کہ اس اقدام سے پارٹی قائدین خوفزدہ نہیں ہوں گے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کے خلاف ان کی پارٹی کی جدوجہد جاری رہے گی۔ نواب ملک نے کہا کہ شرد پوار راجیہ سبھا کے رکن پارلیمنٹ اور سابق مرکزی وزیر ہیں جنہیں قومی دارالحکومت میں وائی زمرہ کی سکیوریٹی حاصل ہے۔ لیکن 20 جنوری سے ان کے سرکاری بنگلہ واقع 6 جن پتھ پر سکیوریٹی اہلکار تعینات نہیں کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتقامی سیاست ہے۔ وہ سمجھتے ہیں کہ اس اقدام کے بعد این سی پی قائدین کو روکا جاسکتا ہے لیکن یہ ان کا غلط خیال ہے۔ مودی اور شاہ کے خلاف لڑائی جاری رہے گی۔ ان کے وزارتی اور جماعتی رفیق کار جیئنت پاٹل نے بھی بی جے پی کے اس اقدام کی مذمت کی۔