شرما کو مین آف دی میچ کیوں ملا؟

   

حیدرآباد ۔ پیٹ کمنز کی کپتانی میں سن رائزرس حیدرآباد نے آئی پی ایل 2024 سیزن میں اپنی پہلی جیت درج کی۔ حیدرآباد میں اپنے ہوم گراؤنڈ پرکھیلے گئے ریکارڈ ساز میچ میں ٹیم نے ممبئی انڈینزکو 31 رنز سے شکست دی۔ حیدرآباد کی اس جیت میں کئی ہیروز تھے جن میں سے دھماکہ خیز جنوبی افریقہ کے بیٹر ہینرک کلاسن نے بڑاکردارادا کیا۔ کلاسن نے80 رنزکی ناقابل شکست اننگزکھیلی اور ٹیم کو277 رنز تک لے گئے جو کہ آئی پی ایل کی تاریخ میں سب سے زیادہ اسکور کا نیا ریکارڈ بن گیا۔ اس کے باوجود ان سے کم رنز بنانے والے ایس آر ایچ کے بیٹر ابھیشیک شرما کو میچ کا بہترین کھلاڑی منتخب کیا گیا۔ اب سوال یہ ہے کہ ایسا کیوں ہوا؟ حیدرآباد کے اپل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں رنزکی بارش ہوئی چوکے اور چھکے لگے اور کئی ریکارڈ ٹوٹ گئے۔ دونوں ٹیموں کے بولرس بری طرح پریشان رہے۔ اگر حیدرآباد نے 2013 میں بنگلور کے بنائے گئے 263 رنز کے سب سے زیادہ اسکور کو پیچھے چھوڑ دیا تو ممبئی نے بھی بھرپور جواب دیا اور 246 رنز بنائے جو کہ آئی پی ایل کی تاریخ میں دوسری اننگز میں سب سے زیادہ اسکور ہے۔ دونوں ٹیموں نے مجموعی طور پر 523 رنز بنائے جو کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میچ میں سب سے زیادہ اسکور ہے۔ دونوں ٹیموں کے کئی بیٹرس نے زبردست پاور ہٹنگ کا مظاہرہ کیا ۔ حیدرآباد کے تجربہ کار وکٹ کیپر ہینرک کلاسن نے صرف 34 گیندوں میں ناقابل شکست 80 رنز بنائے جو دونوں ٹیموں کے لیے سب سے زیادہ اسکور تھا۔ اپنی اننگز میں انہوں نے 7 چھکے اور 4 چوکے لگائے۔ اس کے باوجود ٹیم کی جیت کے بعد پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ ان کے جونیئر کھلاڑی ابھیشیک شرما کے پاس گیا جس نے کچھ لوگوں کو حیران کردیا۔ ایسا کیوں ہوا؟ اس کا جواب آسان ہے۔ نوجوان بائیں ہاتھ کے بیٹر ابھیشیک شرما تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرنے آئے اور اس دوران انہوں نے 63 رنزکی اننگز کھیلی۔ اپنی اننگز میں انہوں نے 7 چھکے لگائے جبکہ 3 چوکے بھی لگائے لیکن اس کے باوجود انہیں یہ ایوارڈ اس لیے ملا کیونکہ انہوں نے صرف 16 گیندوں پر نصف سنچری بنائی جو کہ آئی پی ایل 2024 کے سیزن کی تیز ترین نصف سنچری کا ریکارڈ ہے۔ یہی نہیں ان کے 63 رنزکلاسن کے 80 رنز سے زیادہ تیزی سے بنے۔