اسمبلی حلقہ پلی ویندلہ آنجہانی والد کے لیے عزیز ، پالیر اسمبلی حلقہ شرمیلا کے لیے عزیز ہونے کا ادعا
حیدرآباد :۔ ریاست تلنگانہ میں نئی سیاسی جماعت تشکیل دینے کے لیے مشاورت میں مصروف شرمیلا نے اعلان کیا کہ وہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں ضلع کھمم کے اسمبلی حلقہ پالیر سے مقابلہ کریں گی ۔ ضلع کھمم کے قائدین سے لوٹس پاونڈ میں اجلاس منعقد کرتے ہوئے شرمیلا نے کہا کہ آنجہانی سابق چیف منسٹر ڈاکٹر راج شیکھر ریڈی کے لیے اسمبلی حلقہ پلی ویندلہ جتنا عزیز تھا ان کے لیے اسمبلی حلقہ پالیر اتنا ہی عزیز ہے ۔ شرمیلا ریاست میں نئی سیاسی جماعت تشکیل دینے کے لیے سماج کے تمام طبقات کے ساتھ علحدہ علحدہ اجلاس طلب کرتے ہوئے ان کی تائید و رائے حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ پہلے انہوں نے عثمانیہ یونیورسٹی کے طلبہ کے ساتھ اجلاس منعقد کیا ۔ چند دن قبل مسلم نمائندوں سے اجلاس منعقد کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کے بغیر تلنگانہ کا وجود ادھورا ہے ۔ ریاست میں 57 ہزار وقف جائیدادیں تباہ و برباد ہوئی ہیں ۔ ٹی آر ایس کے سربراہ و چیف منسٹر کے سی آر نے مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا وعدہ کیا مگر پورا نہیں کیا جب کہ ان کے آنجہانی والد نے مسلمانوں کو تعلیم اور ملازمتوں میں 4 فیصد تحفظات فراہم کئے ۔ واضح رہے کہ آئندہ ماہ 9 اپریل کو شرمیلا کی جانب سے ضلع کھمم میں ایک جلسہ عام منعقد کیا جارہا ہے ۔ جس میں شرمیلا اپنی نئی سیاسی جماعت کے نام کا اعلان کریں گی اور پارٹی کی پالیسیوں پر بھی روشنی ڈالیں گی ۔ وہ تلنگانہ کے مختلف متحدہ اضلاع کے قائدین سے مسلسل مشاورت کررہی ہیں اور ان کی ٹیم شرمیلا پر تنقید کرنے والے وزراء اور دوسری پارٹیوں کے قائدین کی تنقیدوں کا جواب دے رہے ہیں ۔۔