شعیب ملک کا کریر ختم ہوگیا؟

   

لندن ۔17 جون (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے آل رائونڈر شعیب ملک کا ونڈے کریر ختم ہوگیا ہے؟ خراب کارکردگی کے بعد ٹیم انتظامیہ شاید انہیں ٹورنمنٹ کے باقی چار میچز میں موقع نہ دے۔ شعیب ملک نے پاکستان کے لئے 20 سال کرکٹ کھیلی ،شعیب ملک اور کرس گیل اس وقت ایسے کھلاڑی ہیں جنہوں نے اپنا کریر1990کی دہے میں شروع کیا تھا۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سب سے سنیئر بیٹسمین شعیب ملک ورلڈ کپ کو اپنی کارکردگی سے یادگار نہ بناسکے،وہ حسرت بھری نگاہوں سے وکٹ کو دیکھتے ہوئے ڈریسنگ روم گئے جبکہ ان کی بدترین کارکردگی کو دیکھنے کے لئے ثانیہ مرزا بھی اسٹیڈیم میں موجود تھیں۔ آسٹریلیا کے بعد روایتی حریف ہندوستان کے خلاف گولڈن ڈک پر آوٹ ہونے کے بعد بظاہر ایسا لگ رہا ہے کہ شعیب ملک کا ونڈے کریرختم ہوگیا ہے۔ انہوں نے ورلڈ کپ کے بعد سبکدوشی کا اعلان کیا ہے،تاہم ورلڈ کپ میں مایوس کن کارکردگی نے شعیب ملک کا ونڈے کریر ایونٹ سے پہلے ہی ختم کردیا ہے کیونکہ باقی میچز میں شعیب ملک کو موقع نہ ملنے کا امکان ہے۔ شعیب ملک آسٹریلیا کے خلاف دوگیندوں میں صفر پر آوٹ ہوئے جبکہ ہندوستان کے خلاف پانڈیا کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ پاکستانی ڈریسنگ روم میں حارث سہیل بیٹھے ہوئے ہیں جو آسٹریلیا کے خلاف دو سنچریاں بناکر الیون کا حصہ نہیں ہیں،شعیب ملک نے انگلینڈ میں صرف13کی بیٹنگ اوسط سے رنز بنائے ہیں۔ انگلینڈ میں جن بیٹسمینوں نے بیس سے زیادہ اننگز کھیلی ہیں ان میں شعیب ملک سے بدترین بیٹنگ ریکارڈ اور خراب اوسط جیمز اینڈرسن10.15ڈیرن گاف11.95اور گرائم سوان 12.83ہیں تینوں بیٹسمین نہیں ہیں۔
ہندوستان کے خلاف میچ سے قبل شعیب ملک نے کہا ہ اس میچ کو بھی عام میچوں کی طرح لوں گا،ہندوستان کو ہرائیں گے کسی دبائو میں نہیں ہوں۔