شفالی کا ٹی20 درجہ بندی میں پہلا مقام مزید مستحکم

   

دوبئی : جنوبی افریقہ کے خلاف 30 گیندوں میں 60رنز کی شاندار اننگز کی بدولت ہندوستانی نوجوان اوپنر شفالی ورما نے آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ ٹی 20 درجہ بندی میں اپنا پہلا مقام مزید مستحکم کرلیا ہے ۔ شفالی جنھوں نے گزشتہ ہفتے دوبارہ پہلا مقام حاصل کرلیا ہے ، اس کے ساتھ جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلی گئی شاندار اننگز کی بدولت انھیں آئی سی سی کے مزید 26 نشانات حاصل ہوئے ہیں۔ شفالی کے اس وقت درجہ بندی میں 776 نشانات ہیں جس کی بدولت وہ پہلے مقام پر نہ صرف فائز ہیں بلکہ دوسرے مقام پر موجود آسٹریلیا کی بیتھ مونی سے 35نشانات آگے ہیں ۔ شفالی کی ساتھی اوپنر سمرتی مندنا جن کے ساتھ انھوں نے برق رفتار 96 رنز کی پارٹنر شپ نبھائی تھی اور اس دوران مندنا نے 28 گیندوں میں 48 رنز کی ناقابل تسخیر اننگز کھیلی تھی جس کے بدولت انھیں ایک مقام کا فائدہ ہوا اور اب وہ چھٹے مقام پر پہونچ چکی ہیں۔ بائیں ہاتھ کی اسپنر راجیشوری گائیکواڈ جنھوں نے 9 رنز دیکر 3 وکٹیں حاصل کرنے کے ساتھ ٹیم کی کامیابی میں کلیدی رول ادا کیا تھا ، اس مظاہرے کے بعد انھیں 12مقامات کی ترقی ملی ہے اور اب وہ کیرئیر میں پہلی مرتبہ تیرہویں مقام پر پہنچ چکی ہیں۔ بولروں کی اس فہرست میں فاسٹ بولر آرون دھتی ریڈی نے 15 مقامات کی چھلانگ لگاتے ہوئے 56 واں مقام حاصل کرلیا ہے ۔ جنوبی افریقہ جس نے ہندوستان کے خلاف ٹی 20سیریز میں 2-1 کی کامیابی حاصل کی ، اس کی بدولت ٹیم کی کھلاڑیوں کو درجہ بندی میں ترقی کا موقع ملا ہے ۔ جنوبی افریقہ کی کپتان سون لوز نے ایک مقام کی ترقی کرتے ہوئے 37 واں مقام حاصل کرلیا ہے جبکہ فاسٹ بولر تومی سیکھونے نے 7 مقامات کی چھلانگ لگاتے ہوئے 42 واں مقام حاصل کرلیا ہے ۔ آل راؤنڈرس کی فہرست میں نیدین ڈی کلارک نے دو مقامات کی چھلانگ کے ساتھ 66 واں مقام حاصل کرلیا ہے جہاں ان کی ہم وطن موسولین ڈینیلس موجود ہیں ۔ دیگر کھلاڑیوں میں آسٹریلیا کی آل راؤنڈر ایشلی گارڈن جنھوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف 73 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی جس کی بدولت انھیں 5 مقامات کا فائدہ ہوا اور وہ اپنے کیرئیر میں پہلی مرتبہ 11 ویں مقام پر پہونچ چکی ہیں۔ نیوزی لینڈ کے لئے سابق کپتان ایمی اسٹارویٹ جنھوں نے 40 رنز کی اننگز کھیلی تھی جس کی بدولت ایک مقام کی ترقی کے ذریعہ وہ 27 ویں مقام پر پہنچ چکی ہیں۔