شمالی عراق میں ترکی کے تین فوجی ہلاک

   

بغداد ،26اگست(سیاست ڈاٹ کام)عراق کے شمالی علاقہ میں کرد دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران ہوئیجھڑپ میں ترکی کے 3 فوجی ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے ۔خبررساں ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق ترک وزارت دفاع کا کہنا تھا کہ شمالی عراق میں ایک جھڑپ میں 3 فوجی مارے گئے ۔ترک فوج نے دوروز قبل ہی عراق میں کردش ورکرز پارٹی (پی کے کے ) دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں کے تیسرے مرحلہ کا آغاز کیا تھا جس کے بعد ہلاکتوں کے حوالہ سے بیان جاری کیا گیا۔خیال رہے کہ پی کے کے کو ترکی، یوروپی یونین اور امریکہ نے دہشت گرد تنظیم قرار دیا تھا جو شمالی عراق میں کارروائیوں میں ملوث ہے ۔ترکی نے جاریہ سال مئی میں پی کے کے کے خلاف زمینی اور فضائی کارروائیوں کا آغاز کیا تھا اس سے قبل ترک فورسز نے عراق کے اندر زمینی کارروائیاں نہیں کی تھیں جبکہ اس اعلان کے بعد دہشت گردوں کے خلاف کئی زمینی اور فضائی کارروائیاں کی گئیں۔خیال رہے پی کے کے نے 1984 میں مسلح کارروائیوں کا سلسلہ شروع کیا تھا اور ترکی کے جنوب مشرقی علاقہ میں بھی علیحدگی کی پر تشدد تحریک کا آغاز کیا گیا تھا اور رپورٹوں کے مطابق اس تنازعہ میں ابھی تک 40 ہزار سے زائد جانیں جا چکی ہیں۔