سیول : جنوبی کوریا نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کی جانب سے بھیجے گئے کچرا بھرے غبارے کا کچرا دارالحکومت سیول میں صدارتی کامپلکس پر گرا ہے۔یونہاپ خبر ایجنسی کے مطابق جنوبی کوریا کی فوج نے شمالی کوریا کی طرف سے نئے کچراغبارے بھیجے جانے کا اعلان کیا ہے۔جنوبی کوریا کی صدارتی سیکیورٹی تنظیم کے جاری کردہ بیان کے مطابق ان غباروں میں سے ایک عین صدارتی عمارت کے اوپر پھٹ گیا اور اس میں موجود کچرا عمارت کی چھت پر آ گر ا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ کچرے کو محفوظ شکل میں جمع کر لیا گیا ہے اور اس واقعے کی نگرانی جنوبی کوریا جنرل سٹاف کے ساتھ مربوط شکل میں کی گئی ہے۔واضح رہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان “غبارہ کشیدگی” کئی مہینوں سے جاری ہے۔ یہ کشیدگی، جنوبی کوریا میں مقیم شمالی کوریائی پناہ گزینوں اورمزدوروں کے، پیونگ یانگ حکومت کے خلاف، تنقیدی پروپیگنڈا پرچوں سے بھرے غبارے شمال کی طرف بھیجنے سے شروع ہوئی تھی۔پروپیگنڈا پرچوں سے بھرے غباروں کے جواب میں، شمالی کوریا نے مئی کے اواخر سے کچرا بھرے غبارے جنوبی کوریا کی طرف بھیجنا شروع کر دیئے تھے۔