شمالی کوریا کی جانب سے بیالسٹک میزائیلوں کا نیا تجربہ

,

   

شمالی کوریا نے مختصر فاصلے تک مار کرنے والے 2 بیالسٹک میزائیلوں کا تجربہ کیا ہے۔ مزائیل اتوار کی صبح مشرقی ساحل سے داغے گئے جو 230 کلو میٹر کے فاصلہ پر سمندر میں گرے۔ امریکی نشریاتی ادارے ‘سی این این’ کے مطابق شمالی کوریا کی جانب سے رواں ماہ کے دوران کیا جانے والا مزائیلوں کا یہ چھٹا تجربہ ہے۔ یہ تجربات ایسے ماحول میں کیے گئے ہیں جبکہ دنیا کرونا وائرس کی لپیٹ میں ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ میزائل ساحلی شہر وونسان کی دو بندگاہوں سے داغے گئے جو سطح سمندر سے 30 کلو میٹر بلندی پر سفر کرتے ہوئے 230 کلو میٹر کے فاصلے پر بحر جاپان میں گرے۔ جوائنٹ چیفس آف اسٹاف نے بتایا کہ تجربات ایسے نامناسب حالات میں کیے گئے ہیں جب دنیا کووڈ 19 کے مسائل میں الجھی ہوئی ہے اور اسے مسلسل مشکلات کا سامنا ہے۔ ادھر ٹوکیو کی وزارت دفاع نے کہا کہ بیالسٹک میزائیل نما اشیا’ جاپانی پانیوں یا ملک کے خصوصی معاشی زون میں داخل نہیں ہوئیں۔ پیانگ یانگ کی جانب سے کئے گئے تجربات کو امریکہ کے ساتھ تخفیف اسلحہ سے متعلق ہونے والے مذاکرات میں طویل تعطل کا نتیجہ سمجھا جارہا ہے۔