دہلی ، مدھیہ پردیش ، اترپردیش میں بارش کا امکان، اقل ترین درجہ حرارت میں کمی
نئی دہلی: ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے شمال مغربی ہندوستان بشمول دہلی اور قومی راجدھانی علاقہ (این سی آر) اور وسطی ہندوستان میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کی پیش گوئی کی ہے ۔ دہلی۔این سی آر میں آج صبح سے بارش ہو رہی ہے ۔ دارالحکومت میں صبح 6.30 بجے بوندا باندی شروع ہوئی اور پھر کئی علاقوں میں تیز بارش ہوئی۔ موسلادھار بارش سے سردی بڑھ گئی ہے ۔ اس کے ساتھ ہی کئی علاقے بھی بارش کے پانی سے بھر گئے ہیں۔ صبح سویرے ہونے والی بارش کے باعث لوگوں کو دفتر جانے میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ کچھ علاقوں میں پانی بھر جانے کی وجہ سے لوگوں کو گھروں سے نکلنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ آئی ایم ڈی نے کہا “ہندوستان کے وسطی حصوں میں مشرقی ہواؤں کے ساتھ مغربی ڈسٹربنس کے تعامل کی وجہ سے ، ہلکی سے درمیانی بارش، 27 اور 28 دسمبر کو شمال مغربی اور وسطی ہندوستان میں گرج چمک کے ساتھ برف باری متوقع ہے۔آئی ایم ڈی کے مطابق آج اتراکھنڈ، جنوب مشرقی ہماچل پردیش، مغربی مدھیہ پردیش، مغربی اتر پردیش، ہریانہ اور چندی گڑھ میں بھاری بارش متوقع ہے ۔ تاہم، آج صبح سے قومی دارالحکومت کے علاقے میں ہلکی بوندا باندی جاری رہی، جس کی وجہ سے ہوا کے معیار میں معمولی بہتری دیکھی گئی، جو انتہائی خراب زمرے میں رہی۔ ایئر کوالٹی انڈیکس آج دوپہر 2 بجے تک 355 پر ریکارڈ کیا گیا۔ کہرے نے دارالحکومت کے کئی علاقوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے جس کی وجہ سے حد بصیرت کم ہوگئی ہے ۔آئی ایم ڈی نے کہاکہ اگلے 48 گھنٹوں کے دوران اقل ترین درجہ حرارت میں کوئی خاص تبدیلی متوقع نہیں ہے ، جس کے بعد اگلے تین دنوں کے دوران شمال مغربی، مغربی، وسطی اور مشرقی ہندوستان میں دو سے چار ڈگری سیلسیس کی کمی واقع ہوگی۔ محکمہ موسمیات نے 29 سے 31 دسمبر تک ہماچل پردیش کے کچھ حصوں میں سردی کی لہر اور ہڈیوں کو ٹھنڈا کرنے والی سردی کی بھی پیش قیاسی کی ہے ۔