شمس آباد میں پانی کے مسئلہ کو حل کرنے میں میونسپل آفس ناکام

   

شمس آباد 7 اکٹوبر (سیاست نیوز) شمس آباد میں کئی محلہ جات میں مختلف مسائل ہیں خاص کر پانی کا مسئلہ جس کو حل کرنے میں میونسپل آفس ناکام ہوچکا ہے۔ کئی محلوں میں پانی کے موٹرس خراب ہیں۔ ان کی مرمت ابھی تک نہیں کروائی گئی۔ گزشتہ پندرہ دن سے ایک پانی کی موٹر خراب ہوچکی ہے، اس کی مرمت کے لئے میکانک کو طلب کیا گیا تو اس نے بتایا کہ چند دنوں قبل بنائی گئی موٹرس کا بل ابھی تک ادا نہیں کیا گیا، پہلے اُس بل کو منظور کرنے کے بعد ہی دوسرے موٹرس کی مرمت کی جائے گی۔ شمس آباد میونسپل کمشنر کو پانچ دن قبل موٹرس کی مرمت کے لئے توجہ دلائی گئی تھی جس پر اُنھوں نے تیقن دیا تھا کہ ایک دن میں ہی موٹر کی مرمت کروائی جائے گی لیکن ابھی تک اس پر عمل نہیں کیا گیا۔ دوسری جانب تلنگانہ حکومت بڑے دعوے کررہی ہے کہ پانی کا مسئلہ پیش نہیں آئے گا۔ ٹی آر ایس حکومت ہمیشہ سے ہی تمام مسائل میں شمس آباد کے ساتھ سوتیلا سلوک کررہی ہے۔ ایک پانی کے بور کی مرمت کے لئے پندرہ دن گزر گئے۔ عہدیداروں کو مسلسل یاد دلانے کے باوجود اس کی مرمت نہیں کی جارہی ہے۔ شمس آباد میونسپل آفس کی جانب سے سڑکوں کی صفائی صرف نیشنل ہائی وے پر ہی کروائی جارہی ہے۔ شمس آباد کے کئی محلوں میں کچرے کے انبار ہیں۔ جس سے خنزیروں کی تعداد میں بھی اضافہ ہورہا ہے جس سے وبائی امراض پھیل رہے ہیں۔ اس کے باوجود عہدیدار مسائل کو حل کرنے میں ناکام ہوچکے ہیں۔