شمشیر پرمبھت ، یوسف علی کو طویل میعادی عمانی ویزے

   

مسقط : حکومت عمان نے آج متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں مقیم ہندوستانی ریڈیولوجسٹ اور بزنسمین شمشیر ویالیل پرمبھت اور چیرمین لولو گروپ و وائس چیرمین ابوظہبی چیمبر ایم اے یوسف علی کو اپنا طویل میعادی اقامتی ویزا عطا کیا ہے۔ شمشیر نے ٹوئیٹر کے ذریعہ عمان حکومت سے اظہارتشکر کیا اور کہا کہ انہیں عمان کا طویل مدتی ریزیڈنسی ویزا حاصل کرنے والے اولین اشخاص میں شامل ہوکر کافی مسرت ہورہی ہے۔ انہوں نے عمانی قیادت اور قیس بن محمد ال یوسف سے اظہارتشکر کیا۔ عمان نے سلطنت میں بیرونی سرمایہ کاروں اور ریٹائرڈ اشخاص کو طویل مدتی اقامہ والا انویسٹر ریزیڈنس پروگرام شروع کیا ہے۔ اس ضمن میں درخواست وزارت کا انویسٹمنٹ سرویسیس سنٹر 3 اکٹوبر 2021ء سے آن لائن وصول کریں گے۔ این آر آئی انٹرپرینرس کو عمانی حکومت سے 10 سالہ مدت کیلئے ویزا جاری کیا گیا ہے۔ شمشیر کے علاوہ یوسف علی کو بھی اس پروگرام کیلئے منتخب کیا گیا کیونکہ انہوں نے اپنے طویل کریئر میں کئی کارہائے نمایاں انجام دیئے ہیں اور وہ عمان کیلئے معاون و مددگار بیرونی انویسٹر ثابت ہوسکتے ہیں۔