شنگھائی تعاون کونسل کا یکم ستمبر کو سربراہ اجلاس ۔ 17 ممالک کی شرکت

   

سیاسی، تجارتی و اقتصادی، ٹرانسپورٹ و لاجسٹکس، ڈیجیٹل، ماحولیاتی، ثقافتی شعبوں میں تعاون ایجنڈہ میں شامل

بشکیک29 اگست (یو این آئی) کرغزستان کے صدر صدر صادِر جباروف کے دفتر نے آج بتایا کہ دارالحکومت بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہ اجلاس اور توسیعی ایس سی او پلس اجلاس میں 17 ممالک اور 6 بین الاقوامی تنظیموں کے رہنما اور نمائندے شرکت کریں گے ۔ کرغز صدارتی دفتر کے مطابق، ایس سی او رکن ممالک کے سربراہان مملکت کی کونسل کا باقاعدہ اجلاس اور ایس سی او پلس سربراہ اجلاس یکم ستمبر کو صدر جباروف کی صدارت میں ہوگا۔ شرکت کرنے والے رہنماؤں میں ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی، روسی صدر ولادیمیر پوتن، چینی صدر شی جن پنگ، بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو، ایرانی صدر مسعود پزشکیان، قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایف، پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف ، تاجکستان صدر امام علی رحمان اور ازبکستان کے صدر شوکت مرزیایوف شامل ہوں گے ۔ آذربائیجان کے صدر الہام علییوف، آرمینیا کے وزیراعظم نِکول پاشینیان ، منگولیا کے صدر اوخنا خورل سوخ، ٹوگو کے وزیراعظم فاؤرے گناسنگبے ، ترکی کے صدر رجب طیب اردوان اور لاؤس کے صدر تھونگ لون سیسولِتھ بھی اجلاس میں شرکت کریں گے ۔ ویتنام کی نمائندگی نائب صدر وو تھی آن ژوان جبکہ مصر کی نمائندگی نائب وزیراعظم حسین عیسیٰ کرینگے ۔ اجلاس میں بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندوں میں ایس سی او کے سیکریٹری جنرل نورلان یرمیک بایف، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس، دولتِ مشترکہ آزاد ریاستوں (سی آئی ایس) کے سیکریٹری جنرل سرگئی لیبیڈیو، اجتماعی سلامتی معاہدہ تنظیم (سی ایس ٹی او) کے سیکریٹری جنرل طلعت بیگ مسادیکوف، یوریشین اکنامک کمیشن بورڈ کے چیئرمین باختی ژان ساغینتایف اور ایشیا میں تعامل اور اعتماد سازی کے اقدامات سے متعلق کانفرنس (سی آئی سی اے ) کے سیکریٹری جنرل خیرات ساری بائی شامل ہیں۔ اجلاس میں بین الاقوامی و علاقائی صورتحال، نیز ایس سی او کی مزید ترقی کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا جائیگا۔ سیاسی، تجارتی و اقتصادی، ٹرانسپورٹ و لاجسٹکس، ڈیجیٹل، ماحولیاتی، ثقافتی اور انسانی شعبوں میں تعاون بھی ایجنڈے کا حصہ ہوگا۔ رہنماؤں کی جانب سے ایس سی او کے قیام کی 25ویں سالگرہ کے موقع پر بشکیک اعلامیہ منظور کیے جانے کی توقع ہے ۔ اس کے علاوہ متعدد فیصلے اور مختلف موضوعات پر بیانات بھی جاری کیے جائیں گے ۔ توسیعی ایس سی او پلس اجلاس میں شرکا اقوام متحدہ کے مرکزی رابطہ کار کردار کو مضبوط بنانے ، بین الاقوامی قانون کی اہمیت، پائیدار ترقی اور باہمی مفاد پر مبنی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کرینگے ۔ ایس سی او سربراہ اجلاس 31 اگست سے یکم ستمبر تک بشکیک میں ہوگا، جس کے ساتھ تنظیم کی صدارت کیلئے کرغزستان کی مدت ختم ہوجائے گی۔ کرغزستان نے اپنی صدارت کے دوران ایس سی او کے 25 سال: پائیدار امن، ترقی اور خوشحالی کی جانب مل کرکا نعرہ اختیار کیا ہے ۔