بیجنگ : چین کے معروف ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ شنگھائی کی 70 فیصد آبادی کورونا وائرس سے متاثر ہیں۔ رپورٹ کے مطابق چین میں کئی سال کے بعد گزشتہ ماہ کووڈ-19 پابندیوں میں نرمی کے بعد حال ہی میں وائرس میں مبتلا مریضوں کی تعداد میں اچانک اضافے کے بعد ہسپتالوں کے ایمرجنسی وارڈ میں بھی دباؤ میں تیزی سے اضافے دیکھنے میں آیا ہے۔رویجین ہسپتال کے نائب صدر اور شنگھائی ایکسپرٹ کووڈ ایڈوائزری پینل کے رکن چین ژین کے مطابق 2 کروڑ 5 لاکھ آبادی والے شہر میں زیادہ تر لوگ کورونا سے متاثر ہیں۔انہوں نے بتایا کہ شنگھائی میں وبائی مرض کا پھیلاؤ خطرناک صورت اختیار کرچکا ہے اور شاید شہر کی 70 فیصد آبادی اس کی لپیٹ میں ہے جو گزشتہ سال اپریل اور مئی کے مقابلے 20 سے 30 فیصد زیادہ ہے۔شنگھائی میں گزشتہ دو ماہ سے سخت لاک ڈاؤن نافذ ہے جہاں 6 لاکھ سے زائد رہائشی افراد کورونا سے متاثر ہیں اور کئی لوگوں کو قرنطینہ سینٹرز داخل کیا گیا ہے۔دوسری جانب اب صورتحال یہ ہے کہ شہر بھر میں نیا کورونا ویرینٹ ’اومیکرون‘ پھیل رہا ہے، بیجینگ، تیانجن، چھونگ چھنگ، گوانگژو سمیت دیگر بڑے شہروں کے صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ کورونا کی نئی لہر میں پہلے ہی اضافہ ہوچکا ہے۔