مندر کے یاتریوں کی ویان گہرے کنویں میں گرپڑی، عرفان مجاور کی بہادری اور انسانی ہمدردی کی ستائش
حیدرآباد ۔17 ۔ جون (سیاست نیوز) ملک میں مسلمانوں کے خلاف نفرتی مہم میں شدت کے باوجود مسلم اقلیت کے ایک نوجوان نے مہاراشٹرا کے شولا پور میں کنویں میں غرقاب ہونے والے 5 افراد کو بچاکر انسانی ہمدردی کی مثال قائم کی ہے۔ شولاپور میں اتوار کی رات سدناتھ مندر سے واپس ہونے والے یاتریوں کی ایک ویان سڑک کے کنارے گہرے کنویں میں جاگری ۔ اس حادثہ میں 8 افراد غرقاب ہوئے جن میں 4 بچے شامل ہیں۔ 7 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ حادثہ کے وقت تانڈو واڑی سے تعلق رکھنے والا مسلم نوجوان عرفان مجاور اپنی موٹر سیکل پر ویان کے پیچھے آرہا تھا، جیسے ہی اس نے ویان کو کنویں میں گرتا ہوا دیکھا فوراً مقامی افراد کو اطلاع دی اور کنویں سے غرقاب ہونے سے بچانے کیلئے جان کی پرواہ کئے بغیر کود پڑا۔ عرفان نے ایک کمسن بچے کو سب سے پہلے باہر نکالا ، اس کے بعد مزید چار افراد کو غرقاب ہونے سے بچاتے ہوئے بحفاظت کنویں سے باہر نکالا ، ان میں ایک خاتون ، دو مرد اور ایک بچہ شامل ہیں۔ عرفان مجاور نے اپنی بہادری کے ذریعہ پانچ افراد کی جان بچائی جبکہ دو افراد تیر کر باہر نکل آئے۔ سڑک کے تعمیری کاموں کی انجام دہی کے باعث اندھیرے میں سڑک کے کنارے گہرے کنویں کا ٹیمپو کے ڈرائیور کو پتہ نہیں چلا اور گاڑی کنویں میں گر پڑی۔ عرفان مجاور نے ایک کمسن بچہ کو غرقاب ہونے سے بچاتے ہوئے اس کے پیٹ سے پانی نکال کر جان بچائی ۔ عرفان مجاور کی بہادری اور انسانی ہمدردی کی شولاپور اور دیگر علاقوں میں زبردست ستائش کی جارہی ہے ۔ مقامی افراد اور سرکاری عہدیداروں نے بھی عرفان کی ستائش کی جن کی بروقت چوکسی کے نتیجہ میں پانچ افراد کی جان بچائی جاسکی۔ عرفان کو اس بات کا دکھ ہے کہ وہ غرقاب ہونے والی 7 خواتین اور 6 ماہ کے ایک بچہ کو بچا نہیں سکے۔ یہ لوگ گاڑی میں پھنس کر رہ گئے اور باہر نکل نہیں پائے۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ 5 افراد کیلئے عرفان خدا کی جانب سے بھیجا گیا فرشتہ ثابت ہوا ہے۔ زخمیوں اور غرقابی سے بچائے گئے افراد کو سرکاری دواخانہ میں شریک کردیا گیا۔ ضلع کلکٹر شولا پور ایس کارتکین اور سپرنٹنڈنٹ پولیس اتل کلکرنی نے مقام حادثہ کا معائنہ کیا۔ ضلع کلکٹر نے کہا کہ سڑک کے کنارے موجود اس گہرے کنویں سے گاڑیوں کو بچانے کیلئے احتیاطی اقدامات نہیں کئے گئے۔ اس سلسلہ میں جانچ کی جارہی ہے۔ اسی دوران وزیراعظم نریندر مودی نے حادثہ پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور مہلوکین کے پسماندگان کے لئے فی کس دو لاکھ روپئے اور زخمیوں کیلئے فی کس 50 ہزار روپئے امداد کا اعلان کیا۔ چیف منسٹر مہاراشٹرا دیویندر فڈنویس نے حکومت کی جانب سے متوفی افراد کے پسماندگان کو فی کس پانچ لاکھ روپئے ایکس گریشیا کا اعلان کیا۔ حادثہ کے بعد سارے علاقہ میں غم کی لہر دوڑ گئی۔ ہر شخص عرفان کی ستائش کر رہا ہے۔1/k