شوپیاں میں ایک اور تصادم، مزید 4جنگجو ہلاک

   

سری نگر8جون (سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کے پنجورہ نامی علاقے میں پیر کی صبح پیش آئے ایک مسلح تصادم میں چار جنگجو مارے گئے ۔ فائرنگ کے تبادلے میں سیکورٹی فورسز کے تین اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں۔جموں وکشمیر پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ضلع شوپیاں کے پنجورہ میں پیر کی صبح چھڑنے والے مسلح تصادم میں چار جنگجو مارے گئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مہلوک جنگجوئوں کی شناخت معلوم کی جارہی ہیں اور علاقہ میں تلاشی آپریشن بھی جاری ہے ۔سری نگر میں قائم فوج کی پندرہویں کور کے ایک ترجمان نے بھی پنجورہ شوپیاں میں چار جنگجوئوں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مشترکہ تلاشی آپریشن کے بعد چھڑنے والے مسلح تصادم کے دوران سیکورٹی فورسز کا کوئی بڑا نقصان نہیں ہوا ہے ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ شوپیاں کے پنجورہ نامی علاقے میں جنگجوئوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر جموں وکشمیر پولیس، فوج کی 44 راشٹریہ رائفلز اور سی آر پی ایف نے مذکورہ علاقہ میں پیر کی علی الصبح کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا۔انہوں نے کہا کہ جوں ہی سیکورٹی فورسز کی ایک پارٹی مشتبہ جگہ کے نزدیک پہنچی تو وہاں موجود جنگجوئوں نے اس پر فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے مابین باضابطہ طور پر مسلح تصادم چھڑ گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ مہلوک جنگجوئوں کے قبضہ سے اسلحہ وگولہ بارود برآمد کیا گیا ہے اور علاقہ میں کسی بھی طرح کے احتجاجی مظاہروں کو روکنے کے لئے سیکورٹی فورسز کی بھاری نفری تعینات رکھی گئی ہے۔قبل ازیں اتوار کو اسی ضلع کے ربن نامی علاقے میں ایک کمانڈر سمیت پانچ جنگجو مارے گئے ۔