شوہر کا بیوی اور رشتہ داروں پر حملہ، ایک شخص شدید زخمی

   

ناجائز تعلقات پر رنگے ہاتھوں پکڑنے پر انتقام، پولیس میں مقدمہ درج
حیدرآباد۔ یکم ؍مئی، ( سیاست نیوز) شوہر کی بے رخی سے پریشان خاتون نے ناجائز تعلقات کا پردہ فاش کرتے ہوئے شوہر کو اجنبی خاتون کے ساتھ رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ تاہم پردہ فاش ہونے پر برہم شوہر نے بیوی اور اس کے رشتہ دار پر حملہ کردیا جس میں ایک شخص شدید زخمی ہوگیا۔ یہ واقعہ جیڈی میٹلہ پولیس اسٹیشن حدود گاجولہ رامارم میں پیش آیا۔ پولیس نے بیوی کی شکایت پر شوہر کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سواپنا اور وجئے کمار کی شادی تقریباً 16 سال قبل ہوئی اور ان کے تین بچے ہیں۔ گذشتہ تین سال سے سواپنا اور وجئے کمار میں جھگڑے چل رہے تھے اور سواپنا ان جھگڑوں سے پریشان تھی۔ وہ شوہر کی ہراسانی اور طلاق دینے کے مطالبہ سے خوفزدہ ہوگئی تھی تاہم شوہر کے رویہ میں تبدیلی سے اس خاتون کو شبہ ہوا اور اس نے شوہر کے متعلق دریافت شروع کردی۔ اجنبی خاتون سے ناجائز تعلقات کا علم ہونے کے بعد اس نے شوہر سے وضاحت طلب کی جس کے بعد میاں بیوی میں تنازعہ پیدا ہوگیا اور گذشتہ چند روز سے وجئے کمار نے بیوی سے دوری اختیار کرلی۔ اس بات کا ذکر سواپنا نے اپنے اور شوہر کے رشتہ داروں سے کیا جس پر تمام نے وجئے کمار کے اس رویہ پر اعتراض کیا۔ گذشتہ روز وجئے کمار کی اس خاتون کے ساتھ موجودگی کی اطلاع پر سواپنا نے اپنے رشتہ داروں کو طلب کرلیا اور شوہر کو اس خاتون کے ساتھ رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ بیوی اور رشتہ داروں کی بروقت آمد اور ناجائز تعلقات کا بھانڈا پھوٹنے پر وجئے کمار نے بیوی کو مارنا شروع کردیا۔ اس حرکت پر اعتراض کرنے والے اس کے رشتہ دار سرینواس پر اس نے چاقو سے حملہ کردیا۔ سواپنا نے اس واقعہ کی شکایت جیڈی میٹلہ پولیس میں کروائی۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔ع