شوہر کی موت کی اطلاع پر بیوی کی بچوں کے ساتھ خودکشی

   

حیدرآباد۔/4 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) پڑوسی سے شوہر کی موت کی اطلاع پر خاتون نے اپنے بچوں کے ساتھ خودکشی کرلی۔ یہ دلسوز واقعہ آر سی پورم کے علاقہ میں پیش آیا۔ ایم آئی جی کالونی کے ساکن چندرا کانت نے قرض سے دلبرداشتہ ہوکر خودکشی کرلی ۔ اقدام خودکشی سے قبل چندرا کانت کی بیوی لاونیا اپنے دو بچوں 10 سالہ پریتم اور 2 سالہ سروجنا کے ہمراہ مکان سے چلی گئی۔ چندراکانت کا اس کے والدین سے جھگڑا چل رہا تھا۔ پیشہ سے سافٹ ویر انجینئر چندرا کانت قرض کے بوجھ سے پریشان تھا۔ اس نے والدین سے جائیداد فروخت کرنے کا مطالبہ کیا لیکن چندراکانت کا والد اس بات پر راضی نہیں تھا۔ اس بات پر چند دنوں سے والدین اور چندرا کانت کے درمیان تنازعہ چل رہا تھا۔ کل شوہر کی والدین سے بحث و تکرار کو دیکھ کر والدین پر دباؤ ڈالنے کی غرض سے لاونیا اپنے دونوں بچوں کو لیکر نکل گئی اور اپنا فون بھی مکان میں چھوڑ دیا۔ چند گھنٹے گذرنے کے بعد اس نے اپنے پڑوسی کو فون کرتے ہوئے گھر کے حالات سے واقفیت کی کوشش کی ۔ اس دوران لاونیا کو شوہر کی خودکشی کی اطلاع ملی۔ اس بات سے شدید دلبرداشتہ لاونیا نے اندول تالاب پہنچ کر اپنے دونوں بچوں کے ساتھ خودکشی کرلی۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔ ع