شکھا کو ٹیم سے نہیں نکالا گیا: ہرمن پریت

   


لکھنؤ : ہندوستانی ونڈے ٹیم کی نائب کپتان ہرمن پریت کور نے کہا ہیکہ سینئر فاسٹ بولر شکھاپانڈے کو جنوبی افریقہ کے خلاف محدود اوورس کی کرکٹ میں ٹیم سے باہر رکھنا ایک مشکل فیصلہ تھا تاہم انہوں نے واضح کیا ہیکہ شکھا کو آرام دیا گیا ہے نہ کہ ٹیم سے باہر کیا گیا ہے۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف پانچ ونڈے اور تین ٹوئنٹی 20 مقابلوں میں شرکت کررہی ہے جس کا پہلا مقابلہ اتوار کو یہاں کھیلا جائے گا۔ اس مقابلہ کے ذریعہ ہندوستانی ٹیم تقریباً 12 ماہ کے بعد مسابقتی مقابلہ میں شرکت کرے گی لیکن شکھاپانڈے کو ہندوستان کی ونڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم سے باہر رکھا گیا ہے جس کے بعد کئی ایک سوال کئے جارہے ہیں۔ ورچول پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ہرمن پریت کور نے کہا کہ شکھا کو آرام دینے کا فیصلہ مشکل تھا لیکن کبھی ہمیں دوسرے کھلاڑیوں کو بھی موقع دینا پڑتا ہے۔ ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی کپتان ہرمن پریت نے کہا کہ شکھا کو خارج نہیں کیا گیا ہے بلکہ نئی کھلاڑیوں کو موقع دیتے ہوئے آئندہ دو تین برسوں کی حکمت عملی اختیار کرنی پڑتی ہے۔ 31 سالہ شکھا نے ہندوستان کیلئے 52 ونڈے اور 50 ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی مقابلے کھیلی ہیں جس میں انہوں نے 73 اور 36 وکٹیں بالترتیب حاصل کی ہیں۔ جنوبی افریقہ کے خلاف ہونے والی سیریز کے ضمن میں ہرمن پریت نے کہا کہ ٹیم میں کوئی تن آسانی نہیں ہے حالانکہ ایک طویل عرصہ سے مسابقتی مقابلہ نہیں کھیلا گیا ہے۔ دوسری جانب جنوبی افریقہ کے خلاف بہتر مظاہرہ کیلئے کھلاڑی پرعزم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم کیلئے ایک طویل وقفہ رہا لیکن بسااوقات ہمارے قابو میں کچھ نہیں ہوتا لیکن ہمیں امید ہیکہ جنوبی افریقہ کے خلاف یہ ایک بہترین سیریز ہوگی۔