شکیب اور مستفیض کی آئی پی ایل راہ ہموار

   

ڈھاکہ۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) انگلینڈ کے خلاف گھریلو سیریز ری شیڈول ہونے کے بعد اپنے کھلاڑیوں شکیب الحسن اور مستفیض الرحمن کو آئی پی ایل2021 سیزن کے باقی میچوں میں شرکت کے لئے این او سی دینے کے لئے تیار ہے ۔ اس سے قبل بی سی بی نے ایک بیان میں کہا تھا کہ وہ شکیب اور مستفیض کو 2021 آئی پی ایل کے باقی میچوں میں شرکت کے لیے این او سی دینے کے لیے تیار نہیں ہے کیونکہ انہیں امید ہے کہ وہ آئندہ آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کی تیاری کے لئے اپنی ٹیم کے ساتھ ہونگے لیکن اب انگلینڈ کے بنگلہ دیش دورے کو مارچ2023 تک ملتوی کرنے کے ای سی بی اور بی سی بی کے فیصلے نے دونوں ممالک کے کھلاڑیوں کے لئے باقی آئی پی ایل میں شرکت کرنے کے لئے راستہ کھول دیا ہے ۔ بی سی بی کے کرکٹ آپریشنز کے صدر اکرم خان نے کہا اگر کھلاڑی درخواست کرتے ہیں اوراگر ہماری کوئی بین الاقوامی وابستگی نہیں ہے تو وہ جا سکتے ہیں اور آئی پی ایل میں حصہ لے سکتے ہیں۔ ہمیں اس سے متعلق ابھی تک ان سے کوئی باضابطہ خط موصول نہیں ہوا ہے اور اگر ہمیں خط ملتا ہے تو بورڈ فیصلہ کرے گا۔