شہبازشریف کی سوئس وزیرخارجہ سے ملاقات

   

اسلام آباد: پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف نے دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے سوئس فیڈرل کونسلر اور سوئس وزیر خارجہ اگازیو کیسس کے ساتھ بات چیت کی۔یہ اطلاع وزیر اعظم پاکستان کے دفتر نے دی ہے ۔ ہفتہ کو وزیر اعظم کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سوئس وزیر خارجہ پاکستانی وزیر اعظم کی دعوت پر تین اراکین پارلیمنٹ کے ہمراہ 7 تا 9 جولائی پاکستان کا دورہ کیا۔ وزیراعظم آفس کے مطابق ملاقات کے دوران شہباز شریف نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان سوئٹزرلینڈ کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے ۔ اس دوران دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا، خاص طور پر موسمیاتی تبدیلی، تجارت اور سرمایہ کاری، ترقیاتی تعاون، اعلیٰ تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کے شعبوں میں فروغ پر زور دیا گیا۔ پاکستانی وزیراعظم نے مختلف مسائل سے نمٹنے کیلئے سوئس کاروباریوں کے نقطہ نظر اور کام کے طریقہ کار کی تعریف کی اور سوئس کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی۔