مشرق وسطی کے جنگی حالات کا اثر ۔ عوام میں مختلف اندیشے
حیدرآباد۔3۔مارچ۔(سیاست نیوز) مشرق وسطی میں جنگی حالات سے متعلق افواہیں حیدرآبادو سکندرآباد کے پٹرول پمپس پر طویل قطاروں کا سبب بننے لگی ہیں۔شہر کے بیشتر پٹرول پمپس پر گذشتہ شب اچانک پٹرول کیلئے عوام کی تعداد میں اچانک اضافہ ہوگیا اور موٹرسیکل سواروں کی طویل قطاریں دیکھی جانے لگیں۔ ایران جنگی حالات پر تبصروں کے دوران ’آبنائے ہرمز‘ سے تیل کی کشتیوں کو گذرنے کی اجازت نہ دیئے جانے کی اطلاع پر عوام میں بے چینی پیدا ہونے لگی اور اس خبر کی توثیق و تیل کی قیمتوں میں امکانی اضافہ نے شہریوں کو پریشانیوں میں مبتلاء کردیا ہے جس پر لوگ بڑی تعداد میں پٹرول اور ڈیزل کی خریدی کیلئے پمپ پر جمع ہونے لگ گئے ۔بتایاجاتا ہے کہ گذشتہ شب دونوں شہروں کے پٹرول پمپس پر تیل کا ذخیرہ ختم ہونے تک گاڑیوں کی قطاروں کا سلسلہ لگا رہا ہے ۔ پٹرول پمپ ڈیلرس کا کہناہے کہ خلیجی جنگ کے اثرات تیل پر ہوں گے اور اس سے انکار نہیں کیاجاسکتا لیکن فوری یہ اثرات ہوں گے اس کو وثوق سے نہیں کہا جاسکتا ۔ماہرین کا کہناہے کہ ہندستانی میں فوری پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کے آثار نہیں ہیں لیکن کہا جار ہاہے کہ جنگی حالات میں اگر قلت کا سلسلہ شروع ہوتا ہے تو تیل کی قیمت میں اضافہ ہوسکتا ہے اور اس کے اثرات پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں پر ہونگے ۔ قطاروں میں کھڑے پٹرول اور ڈیزل بھروانے والوں کو ڈیلرس نے مشورہ دیا کہ وہ ایسی خوفناک صورتحال پیدا نہ کریں کیونکہ اگر پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ ہوبھی گیا تو وہ ایک بار میں کیا بچت کرسکتے ہیںاور قلت میں کتنے دن استعمال کرسکتے ہیں۔3