شہری اور دیہی علاقوں کی ترقی کیلئے 20 جون سے چیف منسٹر کے اچانک دورے

   

سدی پیٹ اور کاماریڈی سے دورہ کا آغاز، ایک ضلع کو اختیار کرنے کے سی آر کا اعلان

حیدرآباد۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ شہری اور دیہی علاقوں کی ترقی میں ہر کسی کو اپنی حصہ داری ادا کرنی چاہیئے۔ چیف منسٹر نے آج پرگتی بھون میں ڈسٹرکٹ ایڈیشنل کلکٹرس، ڈسٹرکٹ پنچایت راج، میونسپل ایڈمنسٹریشن اور دیہی علاقوں کی ترقی سے متعلق عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ چیف منسٹر نے اعلان کیا کہ وہ ایک ضلع کو اختیار کرتے ہوئے شہری اور دیہی علاقوں کی ترقی کی اس مہم میں خود کو شامل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہر اور گاؤں کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا عہدیداروں کی ذمہ داری ہے اس سلسلہ میں حکومت ان سے ہر ممکن تعاون کرے گی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ وہ اضلاع کا اچانک دورہ کرتے ہوئے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیں گے۔ کاموں کے سلسلہ میں تساہل کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 20 جون کو وہ سدی پیٹ اور کاماریڈی کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ کریں گے۔ 21جون کو وہ ورنگل ضلع کا دورہ کرتے ہوئے ترقیاتی کاموں کا معائنہ کریں گے۔ ورنگل میں ضلع کلکٹریٹ کامپلکس کا افتتاح انجام دیں گے۔ ورنگل میں تعمیر کئے جانے والے ملٹی سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹل کا چیف منسٹر سنگ بنیاد رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس مہم کے دوران ہر ضلع کا اچانک دورہ کرسکتے ہیں۔ انہوںنے بتایا کہ ریاست میں طبی سہولتوں کو بہتر بنانے کیلئے 7 میڈیکل کالجس کی منظوری دی گئی ہے۔ ورنگل سنٹرل جیل کی جگہ ملٹی سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹل تعمیر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وباء کے بعد حکومت نے ریاست میں طبی سہولتوں کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کی ہے اس کے لئے درکار بجٹ بھی جاری کیا گیا ہے۔ جائزہ اجلاس میں ریاستی وزراء کے ٹی راما راؤ، دیاکر راؤ، پرشانت ریڈی، اجئے کمار، نائب صدر نشین پلاننگ بورڈ ونود کمار، سابق وزیر کڈیم سری ہری، ارکان مقننہ ہنمنت شنڈے، ودیا ساگر راؤ، سی ایچ لنگیا، پی نریندر ریڈی، چیف سکریٹری سومیش کمار، چیف منسٹر کے اسپیشل سکریٹری نرسنگ راؤ کے علاوہ مختلف محکمہ جات کے سکریٹریز اور اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ ترقیاتی کاموں کی انجام دہی میں کوئی کوتاہی نہ کریں آپ کے ساتھ چیف منسٹر کے سی آر کی ہر ممکن مدد موجود رہے گی۔