شہری علاقوں کو سیلاب سے محفوظ کرنا حیڈرا کیلئے اہم چیلنج

   

حیدرآباد میں جھیلوں اور تالابوں کے تحفظ کیلئے اقدامات: رنگناتھ
حیدرآباد۔/4ڈسمبر، ( سیاست نیوز) شہری علاقوں کو سیلاب کے خطرہ سے محفوظ کرنے کیلئے حیدرآباد ڈیزاسٹر ریسپانس اینڈ اسیٹس پروٹیکشن ایجنسی ( حیڈرا ) نے حکمت عملی تیار کی ہے۔ حیدرآباد میں منعقدہ جی او اسمارٹ 2024 کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر حیڈرا رنگناتھ نے حیدرآباد میں سیلاب سے بچاؤ کیلئے اقدامات کی وضاحت کی۔ انہوں نے کہاکہ شہری علاقوں کو سیلاب جیسی صورتحال سے بچانا اہم چیلنج ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری علاقوں میں محض 2 سینٹی میٹر بارش ٹریفک جام اور جگہ جگہ پانی کے جمع ہونے کی شکایات پیدا کرتی ہے۔ حیدرآباد میں بارش کی سالانہ شرح 89 سینٹی میٹر ہے جو تلنگانہ کی شرح 130 سینٹی میٹر سے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ جھیلوں اور تالابوں کے علاوہ نالوں پر ناجائز قبضے اور شہری علاقوں میں توسیع کے نتیجہ میں معمولی بارش بھی شہریوں کیلئے مسائل کا سبب بن رہی ہے۔ حیڈرا کی جانب سے ان مسائل سے نمٹنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ غیر مجاز قبضوں کی برخواستگی کے ذریعہ جھیلوں کا تحفظ کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ پارکس اور سرکاری اراضیات کا تحفظ کیا جائے گا۔ رنگناتھ نے بتایا کہ تاریخی امین پور جھیل کا تحفظ حیڈرا کی اہم کامیابی ہے۔ غیر مجاز قبضوں کی برخواستگی کے ذریعہ جھیل کو دیگر علاقوں سے آنے والے پرندوں کی جنت میں تبدیل کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے دیگر علاقوں سے پرندوں کی آمد کو سوشیل میڈیا میں شیئر کرتے ہوئے اپنی خوشنودی ظاہر کی ہے۔1

عوام اب حیڈراکو شکایت کرسکیں گے
حیدرآباد4 دسمبر(یواین آئی) تالابوں اورجھیلوں کے ایف ٹی ایل، بفرزونس سے غیرمجا زقبضوں کو ختم کرنے تلنگانہ حکومت نے حیدرآباد ڈیزاسٹر رسپانس اینڈ ایسٹ مانٹرنگ اینڈ پروٹکشن ایجنسی(حیڈرا) کی تشکیل عمل میں لائی۔ ایجنسی نے غیر مجاز قبضوں کے سلسلہ میں عوام سے شکایات وصول کرنے کافیصلہ کیا ہے جو نئے سال میں ہر پیر کو بدھابھون میں وصول کی جائیں گی۔ عوام، تالابوں، نالوں، پارکس میں غیرمجازقبضوں کے بارے میں حیڈرا سے شکایات کرسکتے ہیں۔