حیدرآباد۔28۔جون(سیاست نیوز) حیدرآبا دوسکندرآباد کے علاوہ ریاست کے بیشتر اضلاع میں شدید گرمی کے دوران محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی کہ 28 جون کی رات سے 4جولائی کے دوران شہرو اضلاع میں شدید بارش کے امکانات ہیں اور 4 جولائی تک کئی مرتبہ بادلوں کے پھٹ پڑنے کا بھی خدشہ ہے۔محکمہ موسمیات نے بیشتر اضلاع کیلئے زرد الرٹ جاری کرکے کہا کہ 28 جون کی رات دیر گئے بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگا جو کہ آئندہ ہفتہ تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ ماہرین کے مطابق گذشتہ 48 گھنٹوں میں رطوبت میں اضافہ کے بعد کہا جاسکتا ہے کہ جب بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگا تو موسلادھار بارش ہوگی۔ حکام کے مطابق دونوں شہروں میں گذشتہ 48 گھنٹوں میں درجہ حرارت میں گراوٹ آئی لیکن گرمی کی شدت رطوبت کی وجہ سے برقرار ہے۔ موسلا دھار بارش کے دوران بعض مقامات پر 30 تا40کیلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا خدشہ ہے اور بعض مقامات پر ہلکی اور تیز بارش ہی ہوسکتی ہے ۔ گذشتہ شب شہر میں بارش کے آثار اور کئی مقامات پر بوندا باندی کے دوران تیز ہواؤں سے معمول کے مطابق بارش نہیں ہوپائی۔ خانگی ماہرین نے کہا کہ موسم باراں کے بعد مجوزہ بارش کا سلسلہ یکم جولائی تک جاری رہ سکتا ہے۔3