شہر میں آج رام نومی جلوس ۔ پولیس کے سخت گیر انتظامات

   

جلوس گذرنے کے راستوں پر بھاری فورس متعین ۔ کمانڈ کنٹرول سے جلوس پر نظر
حیدرآباد۔ 16 اپریل (سیاست نیوز) شہر میں رام نومی جلوس کے موقع پر پولیس کے سخت صیانتی انتظامات کئے گئے ہیں۔ چند دن سے پولیس نے چوکسی اختیار کرلی اور شہر کے حساس علاقوں میں پکٹس قائم کئے گئے ہیں ۔ شر پسند عناصر پر خصوصی نظر رکھی جارہی ہے۔ جلوس کی گذرگاہوں پر مساجد اور چھلوں کو پردوں سے ڈھانک دیا گیا اور کسی بھی قسم کی شر انگیزی اور ماحول کی بگاڑنے کی کوشش کے خلاف انتباہ دیا گیا ہے۔ پولیس نے اہم راستوں پر ٹریفک کے رخ کو موڑ دیا اور جلوس پر سخت نظر رکھی جارہی ہے اور جلوس کی کمانڈ کنٹرول روم سے نگرانی کی جائیگی۔ سٹی پولیس کمشنر کی جانب سے اہم مقامات پر اعلیٰ پولیس عہدیداروں کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ۔ جلوس کا آغاز سیتارم باغ سے صبح 9 بجے ہوگا اور اہم راستوں سے گذرتے ہوئے شام 7 بجے ہنومان ویام شالہ کوٹھی پر اختتام کو پہنچے گا۔ جلوس میں شامل مختلف جلوس پر پولیس سے کڑی نظر رکھی جارہی ہے۔ اڈیشنل ڈپٹی کمشنر پولیس ٹاسک فورس اے سرینواس نے بتایا کہ رام نومی جلوس پر سخت نظر رکھی جارہی ہے اور کسی بھی قسم کی شر انگیزی کو برداشت نہیں کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ ریکارڈ کی بنیاد پر شرپسند عناصر کے علاوہ روڈی اور غنڈہ عناصر کو بھی پابند کردیا گیا اور حساس علاقوں میں خصوصی چوکسی اختیار کی جارہی ہے۔ جلوس کے آغاز اور اہم گذر گاہوں پر مشتمل ساوتھ ویسٹ زون میں تمام احتیاطی تدابیر کو اختیار کرلیا ہے۔ اڈیشنل ڈپٹی کمشنر پولیس ساوتھ ویسٹ زون محمداشفاق نے بتایا کہ کمشنر پولیس کی ہدایت پر چوکسی اختیار کرلی گئی اور شہر کے برامن ماحول کو برقرار رکھنے پولیس کی بھی قسم کی حرکت کو برداشت نہیں کریگی۔ جلوس میں شریک عوام کے تحفظ کے علاوہ تمام تر سہولیات کا بھی خیال رکھا جارہا ہے اور راست کمانڈ کنٹرول روم سے جلوس پر نظر رکھتے ہوئے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایات جاری کی جائیںگی جبکہ ایم چوراہوں اور مقامات پر اعلی پولیس عہدیدار نگرانی کریں گے۔ سیتارام باغ ‘دھول پیٹ بیگم بازار سدی عنبربازار‘ بڑی چوڑی اور کوٹھی پہنچے کے راستوں پر بھاری پولیس جمعیۃ کو تعینات کیا گیا ہے۔ ع