حیدرآباد : شہر میں آج دوپہر کے وقت گرج چمک کے ساتھ شدید بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا اور گرمی سے پریشان عوام نے راحت کی سانس لی ۔ شدید بارش کے نتیجہ میں شہر کی کئی سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا جس سے عوام کو آمد و رفت میں تکلیف ہوئی ۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں 0.8تا 14.3ملی میٹر کے درمیان بارش ریکارڈ کی گئی۔شام 4بجے تک چندا نگر میں 34.8 ملی میٹر اور گچی باؤلی میں 17.3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ شہر کے علاوہ اضلاع میں بھی تیز بارش ریکارڈ کی گئی ۔ محکمہ موسمیات کے ڈائرکٹر ڈاکٹر ناگا رتنم نے بتایا کہ 7مئی تک ریاست میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکا ن ہے ۔ اس دوران 30 تا 40کلومیٹر کی رفتار سے ہوائیں بھی چلیں گی اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے ۔انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد اور اس کے آس پاس کے علاقہ میں شام اور رات کے اوقات میں بھی گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہوسکتی ہے ۔ اس دوران درج حرارت 36 اور 26ڈگری سلسیس کے درمیان رہنے کا امکان ہے ۔