شہر میں درجہ حرارت 42 ڈگری سلسئیس سے متجاوز

   

حیدرآباد 26 اپریل ( سیاست نیوز ) حیدرآباد میں جمعہ کو صبح سے ہی گرمی کی شدت دیکھی گئی اور درجہ حرارت میں دوپہر سے قبل ہی تیزی سے اضافہ ہوگیا ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ 11 بجے دن تک ہی کچھ علاقوں میں درجہ حرارت میں کافی اضافہ ہوگیا تھا ۔ موسم پر نظر رکھنے والے اسٹیشنوں کی اطلاعات کے بموجب شہر میں دوپہر سے قبل تک ہی چھ علاقوں میں درجہ حرارت 42 ڈگری تک پہونچ گیا تھا ۔ میاں پور شہر میں سب سے گرم مقام رہا جہاں درجہ حرارت 42.7 ڈگری سلسئیس درج کیا گیا ۔ بورا بنڈہ میں 42.5 ڈگری اور شیخ پیٹ میں 42.4 ڈگری سلسئیس درج کیا گیا ۔ کوکٹ پلی کے بالاجی نگر اور قطب اللہ پور کے آدرش نگر میں درجہ حرارت 42.4 ڈگری رہا جبکہ یونیورسٹی آف حیدرآباد کے علاقہ میں 42 ڈگری درجہ حرارت درج کیا گیا ۔ محکمہ موسمیات اور ماہرین موسمیات نے پیش قیاسی کی تھی کہ دن بھر گرمی کی شدت برقرار رہے گی اور لو میں بھی اضافہ ہوا تھا ۔ ماہرین نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ سخت و شدت کی گرمی کے پیش نظر احتیاط سے کام لیں اور انتہائی ضرورت کے وقت گھروں سے نکلیں تو گرمی سے بچاؤ کے اقدامات کئے جائیں۔ قومی سطح پر بھی محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ملک کے کئی علاقوں میں درجہ حرارت اور گرمی کی شدت میںاضافہ کے اندیشے ہیں اور ان میں تلنگانہ بھی شامل ہے ۔