شہر میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ بارش ، درخت گرنے سے خاتون فوت

,

   

پانچ لاکھ روپئے ایکس گریشیا کا اعلان ، زو پارک اور کئی مقامات متاثر
حیدرآباد ۔ 20 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : شہر میں آج اچانک تیز بارش اور طوفانی ہواؤں کے سبب زو پارک بہادر پورہ اور اطراف کے علاقہ میں افراتفری کا ماحول پیدا ہوگیا ۔ گرج و چمک کے ساتھ طوفانی ہواؤں اور تیز بارش کے سبب زد میں تقریبا 50 تا 60 بڑے درخت جڑ سے اکھڑ گئے اور کئی درختوں کی بڑی شاخیں ٹوٹ گئیں ۔ اس واقعہ میں ایک ضعیف خاتون ہلاک اور دیگر کئی شہری زخمی ہوگئے ۔ بتایا جاتا ہے 60 سالہ نکہت سلطانہ جو پپل گوڑہ علاقہ کے ساکن اقبال احمد کی بیوی تھیں زو میں ایک بڑے درخت کے سائے میں بیٹھی ہوئی تھیں کہ درخت کی ٹہنی ٹوٹ کر نکہت سلطانہ پر گر پڑی اور خاتون شدید زخمی حالت میں فوت ہوگئیں ۔ زو انتظامیہ نے فوری طور پر راحت کاری کے اقدامات انجام دئیے ۔ بتایا جاتا ہے کہ نکہت سلطانہ کے افراد خاندان 5 لاکھ روپئے ایکس گریشاکا اعلان کیا گیا ہے ۔یہ بات زو کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتائی گئی ہے ۔ زو کے عہدیدار اور عملہ ان ہواؤں کے سبب تباہ کاریوں کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ راحت کاری کے اقدامات میں جٹ گیا تھا اور درختوں کے ٹوٹنے و تباہی کی اطلاع کے ساتھ ہی عملہ نے شہریوں کو محفوظ طریقے سے باہر نکلانے میں جٹ گئے تھے ۔ اس دوران کئی شہریوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع پائی جاتی ہے تاہم زو عملہ نے انہیں فوری ابتدائی طبی امداد فراہم کی ۔ درختوں کے ٹوٹنے اور جڑ سے اکھڑ جانے کے سبب زو کا پارکنگ علاقہ کا بھی تباہ ہوگیا اور زو کے اندرونی حصہ میں واقع شیڈس بھی تباہ ہوگئے ۔ ان حالات کو دیکھتے ہوئے زو انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ 21 اپریل کے دن زد میں بیاٹری سے چلنے والی گاڑیاں ، سفاری اور ٹائے ٹرین کی خدمات کو فراہم نہیں کیا جاسکتا ۔۔