وکیل کی درخواست پر ڈی ایم اینڈ ایچ او کی پولیس میں شکایت کے بعد کارروائی
حیدرآباد ۔26۔ اپریل (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں نقلی ڈاکٹر کے الزامات کا سامنا کر رہی ایک خاتون ڈاکٹر کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔ ایک وکیل کی جانب سے خاتون ڈاکٹر کے خلاف دی گئی شکایت اور سنگین الزامات کا میڈیکل ڈپارٹمنٹ نے جائزہ لیا اور پولیس میں شکایت کردی، بتایا جاتا ہے کہ سیف آباد پولیس نے ڈاکٹر رضوانہ مصطفیٰ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ ڈسٹرکٹ میڈیکل اینڈ ہیلت آفیسر ڈاکٹر جے وینکٹیش کی شکایت پر سیف آباد پولیس نے آر ایم ویلنس کلینک لکڑی کا پل کی ڈاکٹر کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق ایم ویلنس کلینک لکڑی کا پل کو مہربند کردیا گیا ہے اور ڈاکٹر کے خلاف تحقیقات جاری ہے ۔ عبدالرحمن خاں ایڈوکیٹ کی شکایت پر ڈی ایم ایچ او نے جائزہ لیا اور پھر ڈی ایم ایچ او کی جانب سے سیف آباد پولیس میں شکایت کی گئی ۔ ڈاکٹر رضوانہ مصطفیٰ پر بغیر قابلیت کے میڈیکل پریکٹس کرنے کے سنگین الزامات ہیں۔ وہ محض بی ای ایم ایس کی ڈگری رکھتی ہیں جبکہ اپنے آپ کو ایک قابل اور بھروسہ مند ڈاکٹر ہونے کاحوالہ دے کر شہریوں کا علاج کر رہی تھیں۔ عبدالرحمن خاں ایڈوکیٹ نے بتایا کہ انہیں رضوانہ کی قابلیت کے دعویٰ اور ڈگریوں پر شبہ ہوا۔ دراصل ایڈوکیٹ اپنے رشتہ دار کے متعلق آر ایم کلینک گئے تھے ، جب انہیں اس بات کا شبہ ہوا تو انہوں نے شکایت کردی۔ ایڈوکیٹ عبدالرحمن خاں نے بتایا کہ ڈاکٹر رضؤانہ سوشیل میڈیا کے ذریعہ بھی شہریوں کو گمراہ کر رہی ہیں۔ انہوں نے ڈاکٹر رضوانہ مصطفی پر پریکٹس کے نام پر سادہ لو عوام کے ساتھ دھوکہ دہی کے سنگین الزامات لگائے۔ اس سلسلہ میں انسپکٹر سیف آباد پولیس مسٹر اے ستیا نے بتایا کہ ڈاکٹر رضوانہ مصطفی کے خلاف تحقیقات جاری ہے۔عK/