ڈبل بیڈ روم مکان فروخت کرنے یا کرائے پر دینے پر سخت کارروائی کا انتباہ: وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر
حیدرآباد۔ وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے آج شہر میں مختلف ترقیاتی پروگراموں میں حصہ لیا۔ اسمبلی حلقہ ایل بی نگر میں پینے کے پانی کے مسئلہ کو حل کرنے دو بڑے عصری ذخیرہ آب تیار ہوئے۔ 2.5 ایم ایل گنجائش پر مشتمل ان دو ذخائر آب کی تعمیر پر 9.42 کروڑ روپئے خرچ ہوئے جس کا آج کے ٹی آر نے افتتاح کیا اور کہا کہ ان سے تقریباً 40 کالونیوں کے 15,900 نل کے کنکشنش کو پانی سربراہ ہوگا۔ دومل گوڑہ زونل ڈپٹی کمشنر آفس کے کاموں کا اور نارائن گوڑہ میں ماڈرن مارکٹ کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس پروگرام میں مرکزی وزیر داخلہ جی کشن ریڈی ، ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی، وزیر انیمل ہسبینڈری سرینواس یادو اور دوسروں نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ اڈیکمیٹ میں نئے تعمیر کردہ اسپورٹس کامپلکس کا بھی افتتاح کیا گیا جس 2.66 کروڑ روپئے خرچ کئے گئے۔ اس کے ساتھ ہی باغ لنگم پلی کے لمباڑی تانڈہ میں 10.96 کروڑ روپئے کے مصارف سے تعمیر کردہ 126 ڈبل بیڈ روم مکانات کا بھی افتتاح کیا گیا ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیرات کو چیف منسٹر کے سی آر کا ڈریم پراجکٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ غریب عوام کوعزت نفس کی زندگی فراہم کرنے کیلئے چیف منسٹر نے اس اسکیم کو متعارف کرایاہے جس کی ملک بھر میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ اگر استفادہ کنندگان کی جانب سے انہیں مختص کردہ ڈبل بیڈ روم مکان منسوخ کیا جاتا ہے تو پٹہ جات منسوخ کرنے کا انتباہ دیا۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ملک بھر میں 28 ریاستیں ہیں مگر ڈبل بیڈ روم مکان کی اسکیم کسی بھی ریاست میں نہیں ہے۔ ساری ریاست میں 18 ہزار کروڑ روپئے کے مصارف سے 2.72,000 ڈبل بیڈ روم مکانات تعمیر کئے جارہے ہیں۔ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں ایک لاکھ لابل بیڈ روم مکانات تعمیر کئے جارہے ہیں جس پر 974 کروڑ روپئے خرچ کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک ڈبل بیڈ روم مکان پر 9 لاکھ روپئے کے مصارف ہیں۔ حکومت کی جانب سے غریب و بے گھر افراد کو مفت ڈبل بیڈ روم مکانات فراہم کئے جارہے ہیں۔کے ٹی آر نے کہا کہ شہر حیدرآباد میں تالابوں کے احیاء پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ مرکزی مملکتی وزیر داخلہ جی کشن ریڈی نے کہا کہ شہر حیدرآباد کی ترقی میں مرکزی حکومت بھی مکمل تعاون کریگی۔