حیدرآباد۔ شہر کے ڈرائیورس میں محفوظ ڈرائیونگ کو فروغ دینے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی جانب سے تینوں پولیس کمشنریٹس کے حدود میں 950 ٹریفک سائن بورڈز آویزاں کئے جائیں گے ۔ یہ بورڈز پہلے سے آویزاں 550 ٹریفک سائن بورڈز کے علاوہ ہونگے ۔ جاریہ ماہ روڈ سیفٹی ماہ کے سلسلہ میں یہ سائن بورڈ پراجیکٹ شروع کیا گیا ہے ۔ پولیس اور ٹرانسپورٹ محکمہ کی جانب سے اس ماہ کے دوران مختلف روڈ سیفٹی شعور بیداری پروگرامس بھی منعقد کئے جا رہے ہیں۔ ٹریفک پولیس نے تینوں کمشنریٹس میں جی ایچ ایم سی حدود میں مزید ٹریفک سائن بورڈز نصب کرنے کی ضرورت پر زور دیا تھا ۔ متعلقہ محکمہ جات کے 21 ڈسمبر کو منعقدہ اجلاس میں اس بات سے اتفاق کیا گیا تھا ۔ فیصلے کے مطابق حیدرآباد میں 868 ٹریفک سائن بورڈز نصب کئے جائیں گے جبکہ 53 بورڈز رچہ کونڈہ اور 38 سائبر آباد پولیس کمشنریٹس کے حدود میں لگائے جائیں گے ۔ کہا گیا ہے کہ ہر بورڈ 4,000 روپئے کے صرفہ سے نصب کیا جا رہا ہے ۔ ٹریفک پولیس اور جی ایچ ایم سی نے نئے سائن بورڈز نصب کرنے کے مقامات کا تعین کیا ہے ۔ اب تک 400 بورڈز نصب کئے جاچکے ہیں۔