حیدرآباد میٹرو ڈیولپمنٹ اتھاریٹی 6 بسوں کی خریداری کے عمل کا آغاز کردیا
حیدرآباد 7 جنوری (سیاست نیوز) شہر کی سڑکوں پر بہت جلد ڈبل ڈیکر بسیں دوڑتی نظر آئینگی۔ حیدرآباد میٹرو پولیٹن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی نے 6 ایرکنڈیشنڈ الیکٹرک ڈبل ڈیکر بسوں کی خریداری کا عمل شروع کردیا ہے۔ ان بسوں کو پہلے مرحلہ میں پٹن چیرو تا کوٹھی، جیڈی میٹلہ تا سی بی ایس، افضل گنج تا مہدی پٹنم کی روٹس پر چلانے کا منصوبہ تیار کیا گیا ۔ حیدرآباد میٹرو ڈیولپمنٹ اتھاریٹی نے دو سال اور دو لاکھ کیلو میٹر کی وارنٹی پر ڈبل ڈیکر اے سی بسیں خریدنے کی منصوبہ بندی تیار کی ہے۔ اس کے علاوہ آئندہ پانچ سال تک ان بسوں کی دیکھ بھال کے کنٹراکٹ کا بھی معاہدہ کیا جارہا ہے۔ ایک سینئر آفیسر نے ڈبل ڈیکر بسوں کے سڑکوں پر آجانے سے ٹریفک مسائل پیدا ہونے کے شکوک اور دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان بسوں کو منتخب روٹس پر چلایا جائے گا جہاں ٹریفک دشواریوں کے امکانات نہیں ہیں۔ شہر کی سڑکوں پر پہلے بھی ڈبل ڈیکر بسیں چل چکی ہیں۔ ہر بس میں 60 سے زائد سیٹس ہوں گی۔ ٹریفک کو سگنل فری بنانے کے منصوبہ کے تحت فلائی اوورس تعمیر کی وجہ سے ڈبل ڈیکر بسوں کو مرحلہ وار طور پر ختم کردیا گیا۔ اس کے علاوہ لمبے عرصہ تک ان بسوں کو چلانے کی وجہ سے ان بسوں کو سڑکوں سے ہٹادیا گیا تھا۔ شہر میں ڈبل ڈیکر بسوں کو دوبارہ شروع کرنے کی ایک تجویز اس وقت سامنے آئی جب ایک نوجوان نے کے ٹی آر کو ٹوئیٹ کرتے ہوئے اس کی یاد دہانی کرائی تھی، جس پر کے ٹی آر نے مثبت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ڈبل ڈیکر بسوں کو دوبارہ شروع کرنے کی ایک تجویز عہدیداروں کو پیش کی تھی۔ اس وقت وزیر ٹرانسپورٹ اجئے کمار نے بھی اس تجویز سے اتفاق کیا تھا۔ تلنگانہ آر ٹی سی کے عہدیدار بھی اس پر مثبت ردعمل کا اظہار کیا تھا لیکن ٹی ایس آر ٹی سی کے ٹریڈ یونین نے اس پراجکٹ کے قابل عمل ہونے پر سوال اٹھایا ہے۔ن