شہر کے متعدد مقامات پر ٹریفک سگنلس کی تنصیب ندارد

   

جی ایچ ایم سی اور محکمہ ٹریفک لاجواب، شہریوں کو ہر دن ٹریفک جام کا سامنا
حیدرآباد۔21نومبر(سیاست نیوز) شہر میں ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کے لئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد اور ٹریفک پولیس کی جانب سے متعدد اعلانات کئے گئے ہیں لیکن ان اعلانات پر عمل آوری کے سلسلہ میں استفسار پر ٹریفک پولیس اور بلدیہ کے پاس کوئی جواب نہیں ہے بلکہ نئے ٹریفک سگنلس کی تنصیب کے سلسلہ میں بھارت الکٹرانک لمیٹڈ کے عہدیداروں کا کہناہے کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے نئے ٹریفک سگنل کی تنصیب کے سلسلہ میں احکامات کی وصولی کی صورت میں وہ سگنل نصب کرنے تیار ہیں ۔ شہر میں ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کے سلسلہ میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے کئی اہم سڑکوں کا سروے کرواتے ہوئے مطالعاتی رپورٹ تیار کی گئی اور اس رپورٹ کی بنیاد پر عملی تجربات کرنے کے بعد ان مقامات کی نشاندہی کی گئی تھی جہاں ٹریفک سگنلس ناگزیر ہیں لیکن اب تک بھی ان سگنلس کی تنصیب کے اقدامات نہیں کئے گئے ۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد اور ٹریفک پولیس کی جانب سے پرانے شہر میں ٹریفک کو بہتر بنانے کیلئے جن مقامات کی نشاندہی کی گئی تھی ان میں اعتبار چوک چوراہا‘ بی بی بازار چوراہا ‘ حسینی علم ‘ انجن باؤلی فلک نما‘ حافظ بابا نگر کے علاوہ کئی ایک مقامات ہیں جہاں پر ٹریفک سگنلس کی شدید ضرورت محسوس کی گئی اور رپورٹ میں کہا گیا کہ ان علاقو ںمیں ٹریفک پر قابو پانے کے لئے فوری طور پر اقدامات کئے جانے چاہئے لیکن 5سال کا عرصہ گذرجانے کے باوجود بھی ان مقامات پر کارکرد ٹریفک سگنلس کی تنصیب کے اقدامات نہیں کئے جاسکے ہیں جو کہ شہریوں کے لئے انتہائی تکلیف دہ ہے لیکن اس کے باوجود ان مسائل کو حل کرنے کے سلسلہ میں اقدامات نہیں کئے جا رہے ہیں۔م