شہر کے مختلف علاقوں میں بنڈی بھگیرت ’ مفرور ‘ کے پوسٹرس

   

حیدرآباد میں کھلبلی ، سیاسی حلقوں میں پوسٹرس موضوع بحث
حیدرآباد ۔ 13 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : مرکزی مملکتی وزیر داخلہ بنڈی سنجے کے فرزند بنڈی بھگیرت کے خلاف پوکسو کیس درج ہونے پر ریاست بھر میں سنسنی پھیلی ہوئی ہے ۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں بنڈی بھگیرت کے ’ مفرور ‘ ہونے کے پوسٹرس منظر عام ائے ہیں ۔ شہر کے کئی علاقوں میں لگائے گئے ان پوسٹرس پر تحریر ہے کہ بنڈی بھگیرت فرار ہے ۔ اگر کسی کو ٹھکانے کا علم ہو تو قریبی پولیس اسٹیشن کو مطلع کریں ۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بھگیرت کا موبائل فون گزشتہ چند دنوں سے بند ہے اور وہ گرفتاری سے بچنے کے لیے روپوش ہے ۔ پولیس نے ملزم کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے ۔ ایک لڑکی کی جانب سے جنسی زیادتی کے الزام کے بعد پیٹ بشیر آباد پولیس اسٹیشن میں بنڈی بھگیرت کے خلاف پوکسو ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ حکومت کی جانب سے اس کیس کی تحقیقات کے لیے ایس آئی ٹی تشکیل دیا گیا ہے ۔ دوسری جانب ملزم نے گرفتاری سے بچنے کے لیے تلنگانہ ہائی کورٹ میں پیشگی ضمانت کی درخواست دائر کی ہے ۔ ایس آئی ٹی نے بنڈی بھگیرت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے چہارشنبہ کو دوپہر 2 بجے پوچھ تاچھ کے لیے طلب کیا تھا ۔ لیکن وہ حاضر نہیں ہوا ۔۔ 2/m/b