غریبوں کے علاج میں اسکیم کارآمد، کانگریس انچارج جگدیشور گوڑ کی تقریر
حیدرآباد۔/27 اپریل ، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی کی زیر قیادت تلنگانہ حکومت نے غریب خاندانوں کے علاج معالجہ کیلئے چیف منسٹر ریلیف فنڈ سے فراخدلانہ امداد کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔ شیر لنگم پلی کے کانگریس پارٹی انچارج اور گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن اسٹینڈنگ کمیٹی کے رکن وی جگدیشور گوڑ نے شیر لنگم پلی ڈیویژن کے استفادہ کنندگان میں چیف منسٹر ریلیف فنڈ کے امدادی چیکس حوالے کئے۔ اس موقع پر کانگریس پارٹی شیر لنگم پلی ڈیویژن کے صدر محمد جہانگیر، چندا نگر ڈیویژن کے صدر علی بابا اور دیگر ڈیویژن صدور، مہیلا کانگریس قائدین اور یوتھ کانگریس قائدین موجود تھے۔ وی جگدیشور گوڑ نے کہا کہ کانگریس برسر اقتدار آنے کے بعد چیف منسٹر ریلیف فنڈ سے غریبوں کی مدد کیلئے 830 کروڑ جاری کئے گئے جس سے 1.66 لاکھ خاندانوں کو فائدہ پہنچا۔ سابق بی آر ایس حکومت نے سالانہ 480 کروڑ جاری کئے تھے اور اس کے مقابلہ کانگریس حکومت نے زائد منظوری دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر ریلیف فنڈ کی درخواستوں کی یکسوئی کے سلسلہ میں شفافیت کو یقینی بنانے آن لائن پورٹل متعارف کیا گیا ہے۔ حکومت کا مقصد درخواستوں پر تیزی سے کارروائی کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آن لائن سسٹم کے ذریعہ اتوار اور تعطیلات میں بھی درخواستیں داخل کی جاسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ درخواست گذار اپنی درخواستوں کے موقف کا خود پتہ چلا سکتے ہیں۔ جگدیشور ریڈی کے مطابق ریونت ریڈی حکومت غریبوں کو بہتر طبی خدمات کی فراہمی کیلئے سرکاری ہاسپٹلس میں انفرااسٹرکچر کی سہولتوں کو بہتر بنانے کے اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کے موثر علاج اور صحت یابی میں چیف منسٹر ریلیف فنڈ کا اہم رول ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی خاندان میں علاج کیلئے درکار رقومات کی فراہمی میں دشواریاں پیش آتی ہیں ایسے میں چیف منسٹر ریلیف فنڈ اسکیم غریب خاندانوں کیلئے کسی نعمت سے کم نہیں۔1